اغراض ومقاصد

ملت ٹائمز کی ویب سائٹ پر آپ کا خیر مقدم ہے اور دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے آپ کی خدمت میں ہدیہ تشکرو امتنان پیش کرتے ہیں ۔
ملت ٹائمز صر ف ایک نیوز پورٹل اور خبر رسانی کاذریعہ نہیں بلکہ یہ ایک تحریک ،ایک مشن اور ایک جہدمسلسل ہے ۔ امت مسلمہ کا بیباک ترجمان اور عالم اسلام کا ایک نمائندہ میڈیا ہے، جس کااولین مقصد معیاری اور مثبت خبروں کی فراہمی،تحقیقی واصلاحی مضامین کی اشاعت ، اسلامی صحافت کا فروغ ،ملی مسائل کا تجزیہ وحل ،اردوزبان اور مشرقی تہذیب کی ترویج واشاعت ، انٹر نیٹ پر مثبت مواد کی فراہمی،مین اسٹریم میڈیا کے منفی پرو پیگنڈے کا انکشاف اور اس پر بے لاگ تبصرہ،اسلام کے خلاف ہونے والی ریشہ دوانیوں کامسکت جواب،حقائق سے آگہی،اورملک و ملت کی ہمہ جہت ترقی و خیرخواہی پر مشتمل مواد کی اشاعت ہے ۔
ملت ٹائمز کے اغراض و مقاصد میں سرفہرست عالم اسلام کی سچی ترجمانی اور امت مسلمہ کی سنجیدہ پاسبانی ہے ،اس لئے ملت ٹائمزکے بیشتر مواد ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملت اسلامیہ کی فلاح و بہبود، معاشر تی واجتماعی ترقی او ر خوش حالی سے متعلق سلگتے مسائل اور سنجیدہ حل پر مشتمل ہوں گے ۔بے مقصدسیاسی وسماجی خبروں،پریس ریلیز ،بے فائدہ مضامین اور فضول رشحات قلم کو ملت ٹائمز میں جگہ نہیں دی جائے گی ۔
عروس البلاد ممبئی کی سرزمین پر18 جنوری،2016 بروز پیرکو امیر شریعت سادس حضرت مولانا سید نظام الدین صاحب نوراللہ مرقدہ جنر ل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی حیات و خدمات پر منعقد ہونے والی عالمی سیمینار میں مدبر اسلام حضرت مولانا سیدرابع حسنی ندوی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ہاتھوں ملت ٹائمز کا اجرا عمل میں آیا تھا،اس تقریب میں حضرت مولانا خالدسیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی انڈیا ، مولانا محمد سفیان قاسمی مہتمم دارالعلوم وقف دیوبند، مولانا محمد شاہدحسین مظاہری امین جامعہ مظاہر علوم سہارنپور،یوپی، مرحوم الحاج عبد الستار یوسف شیخ بانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ،مولانا واضح رشید ندوی ناظم تعلیمات دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو،مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی بانی ومہتمم جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول بہار،مولانا علی انور قاسمی چیر مین الحسنات فاؤنڈیشن لندن،داعلی اسلام مولانا کلیم صدیقی ،مفتی زاہد علی خان صدر شعبہ دینیا علی گڑھ مسلم یونیورسیٹی علی گڑھ ،مولانا شاہد ناصری الحنفی مدیرمکہ میگزین ممبئی،قاضی ظہیر شیخ صدر انجمن اسلامیہ ممبئی سمیت متعدد اہل علم و ارباب علم و فن شریک تھے۔
الحمد للہ ملت ٹائمز کا سفر خوش اسلوبی اور کامیابی کے ساتھ جاری ہے ،اپنے مقصد اور مشن کی جانب تیز رفتاری کے ساتھ رواں داواں ہے ، تقریبا دنیا کے ایک سو سے زائد ممالک میں اسے پڑھا جارہا ہے ۔یومیہ ہزاروں کے تعداد میں قارئین اس سے استفادہ کررہے ہیں ، نوجوان نسل اور نئے قارئین کے ساتھ قدیم اور معمر حضرات بھی پابندی کے ساتھ ملت ٹائمز کا مطالعہ کررہے ہیں ۔
معزز قارئین ! ملت ٹائمز کی کوئی چیز آپ کو پسند آجاتی ہے اور ملت کے مفاد میں اس سے کوئی کام ہوجاتا ہے تو یہ اللہ تبارک وتعالی کا فیض کرم ہے۔ ہاں اگر کہیں کوتاہی رہ جاتی ہے ، کسی غلطی کا ارتکاب ہو جاتا ہے یا خبروں کے انتخاب میں کسی طرح کی کمی رہ جاتی ہے ، اس کے لیے براہ راست یہ ناچیز ذمہ دار ہے۔
شکریہ
شمس تبریز قاسمی
چیف ایڈیٹر ملت ٹائمز