مولانا محمود مدنی کی جانب سے جمعیۃ کے بینر تلے ملک کے متعدد شہروں میں آج 13اگست کو امن مارچ کا انعقاد 

نئی دہلی(ملت ٹائمز؍پریس ریلیز)
ملک میں نفرت اور تشدد کی مسموم فضا ء کے درمیان کل ۱۳؍اگست کو ملک گیر سطح پر امن اور بھائی چارہ کا نعرہ لگے گا۔ ملک کی اہم ملی تنظیم جمعےۃ علماء ہند کے زیر اہتمام صبح ۱۰؍بجے سے سات سو سے زائد شہروں میں ایک ساتھ امن مارچ منعقد ہو گا ، اپنی وسعت اور پھیلاؤ کے سبب یہ ملک کا سب سے بڑا مظاہرہ ہوگا ۔یہاں دہلی میں جنتر منتر پر امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری صدر جمعےۃ علماء ہند اور پونہ میں مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعےۃ علماء ہند لیڈ کریں گے ۔ دہلی کا پروگرام جمعےۃ علماء صوبہ دہلی کے زیر اہتمام ہورہا ہے ۔اس کے علاوہ بڑے شہروں بالخصوص لکھنو، کان پور،بنارس ، پرتاپ گڑھ،پٹنہ، کشن گنج،مونگیر، رانچی، گوہائی، بھونیشور، کلکتہ ، بنگلور، ممبئی ، ناگپور، چینئی، حیدرآباد ، رائے چوٹی، چندی گڑھ، امپھال ، دھرم نگر تری پورہ، اندور،دہرادون، رڑکی ، ہلدوانی ، نینی تال، بھوپال، احمد آباد، اجین،سورت، جے پور، جودھپور، وغیرہ میں بھی بڑے پیمانے پر مارچ کی تیاری مکمل ہوگئی ہے۔مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند پرتاپ گڑھ میں ہونے والے مارچ میں شریک ہوں گے ۔ انھوں نے بتایا کہ یہاں ڈھائی کلو میٹر کا طویل مارچ ہو گا ۔
جمعےۃ علما ء ہند کی جانب سے جاری کردہ رہنما ہدایات کے مطابق یہ مظاہرہ پرامن ہو گا اور اس کے لیے مختلف قسم کے پلے کارڈ تیار کیے گئے ہیں جس میں خاص طور سے مذہب کے نام پر غنڈہ گری کو ختم کرنے اور نفرت مٹانے پر زور دیا گیا ہے ۔واضح ہو کہ جمعےۃ علما ء ہند فرقہ پرستی اور نفرت انگیز ی کو ختم کرنے کی جدوجہد کی ایک تاریخ رکھتی ہے ،اس بابت اس کی اپنی ایک سوچ اور روایت ہے، جس کے مطابق فرقہ پرستی کا مقابلہ فرقہ پرستی سے نہیں بلکہ محبت اور امن کی اشاعت و ترویج سے ہی ممکن ہے ۔
Comments: 1

Your email address will not be published. Required fields are marked with *