اگر شام پر دوبارہ حملہ کیاگیا توعالمی خانہ جانہ شروع ہوجائے گی، امریکہ کے حملہ سے پریشان روس کی نئی دھمکی

ماسکو(ایجنسیاںملت ٹائمز)
روسی صدر ولادی میر پوتین نے خبردار کیا ہے کہ مغرب کے شام پر مزید حملوں سے عالمی سطح پر طوائف الملوکی پیدا ہوجائے گی جبکہ امریکا روس کے خلاف نئی پابندیوں کی تیاری کررہا ہے۔روسی صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے ٹیلی فون پر شام کی تازہ صورت حال کے بارے میں بات چیت کی ہے۔ کریملن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں صدور نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ مغربی حملوں سے شام میں گذشتہ سات سال سے جاری تنازع کے سیاسی حل کے امکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
”ولادی میر پوتین نے بالخصوص یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ اگر اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس طرح کی کارروائیاں جاری رہتی ہیں تو پھر بین الاقوامی تعلقات میں طوائف الملوکی ناگزیر ہوگی “۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے۔
دریں اثناء اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکّی ہیلی نے سی بی ایس کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا شامی صدر بشارالاسد کے کیمیائی ہتھیاروں کے پروگرام میں مدد دینے والی روس کی کمپنیوں کے خلاف نئی اقتصادی پابندیوں عاید کررہا ہے۔ اس ضمن میں آج سوموار کو کوئی اعلان متوقع ہے۔
امریکا ، برطانیہ اور فرانس نے دو روز پہلے شامی حکومت کی فوجی تنصیبات اور کیمیائی ہتھیاروں کی جگہوں کے خلاف مشرقی الغوطہ میں واقع دوما میں 7 اپریل کو شہریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے رد عمل میں فضائی حملے کیے ہیں۔شامی حکومت اور اس کے اتحادی ایران اور روس اس شہر پر کیمیائی ہتھیاروں کے حملے میں کسی قسم کے کردار کی تردید کرچکے ہیں۔
امریکا ، برطانیہ اور فرانس کا کہنا ہے کہ انھوں نے شام میں صرف کیمیائی ہتھیاروں کی تنصیبات پر میزائل حملے کیے تھے اور ان کا مقصد بشارالاسد کے اقتدار کا دھڑن تختہ کرنا نہیں تھا اور نہ وہ ملک میں گذشتہ سات سال سے جاری خانہ جنگی میں کوئی مداخلت کرنا چاہتے ہیں۔
فرانسیسی صدر عمانو ایل ماکروں نے بی ایف ایم ٹی وی سے نشر کیے گئے ایک انٹرویو میں اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے صدر ٹرمپ کو اس بات پر آمادہ کیا تھا کہ صرف کیمیائی ہتھیاروں کی جگہوں پر حملوں پر توجہ مرکوز کی جائے۔
انھوں نے صدر ٹرمپ پر زوردیا ہے کہ وہ شام میں موجود اپنے فوجیوں کو زیادہ دیر تک وہاں برقرار رکھیں لیکن وائٹ ہاو¿س کی ترجمان سارہ سینڈرس کا کہنا ہے کہ صدر شام سے امریکی فوجیوں کی جلد سے جلد واپسی چاہتے ہیں۔