دہلی اردو اکادمی کے نئے وائس چیرمین آج پہونچے دفتر، اکادمی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کا عزم

نئی دہلی(ملت ٹائمز عارفہ حیدر خان)
اردو اکادمی، دہلی کے نو منتخب وائس چیئرمین پروفیسر شہپر رسول نے آج دفتر اکادمی ،دہلی کا دورہ کیا اور جملہ اسٹاف ممبران سے ملاقات کی۔ اکادمی کے جملہ اسٹاف ممبران نے پروفیسر شہپر رسول کی اکادمی آنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور پھولوںکا گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔
انھوں نے اکادمی کے اسٹاف ممبران کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اردو اکادمی، دہلی اپنی سرگرمیوں کو جاری و ساری رکھے گی اور جو کام رکے ہوئے انھیں بھی جلد عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ جلد ہی جملہ ممبران گورننگ کونسل سے ایک ملاقات کرکے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور فروغِ اردو کے سبھی امور کو بہتر طریقہ سے انجام دیا جائے گا۔ پروفیسر شہپر رسول نے کہا کہ اردو والوں کو ہم سے بہت توقعات ہیں میں پوری ایمانداری سے کوشش کروںگا کہ ان کے توقعات پر فروغ اردو کے لیے بہتر سے بہتر کام کرسکوں۔ اکادمی کی دارا شکوہ لائبریری کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ لائبریری تینوں یونیورسٹیوں میں ریفرنس لائبریری کے طور پر جانی جاتی ہے اس لیے ہماری کوشش ہوگی کہ اسے اور بہتر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ اسکالرز اس سے فیض یاب ہوسکیں۔ ہماری کوشش ہوگی کہ لائبریری کی نایاب و نادر اہم کتابوں کو ڈیجیٹائزیشن (Digitization)اور کنزرویشن (Conservation)کے ذریعہ محفوظ کرایا جائے تاکہ اردو دنیا اس سے مزید فائدہ حاصل کرسکے۔