عدلیہ میں عدم اطمینان المناک: شرد یادو

نئی دہلی 12 جنوری (ملت ٹائمز)
سینئرسیاستداں اور جدیو کے سابق لیڈر شرد یادو نے آج سپریم کورٹ کے چار ججوں کے میڈیا کے سامنے آکر بیان دینے اور اندرونِ خانہ غیر آئینی امور کے انکشاف پر شدید تشویش ظاہر کی کہ عدالت میں’سب کچھ ٹھیک نہیں‘ ہے۔ یادو نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججوں کو اپنی بات کہنے کے لیے میڈیا میں آنا پڑا، یہ انتہائی سنجیدہ اور سنگین ترین صورتحال کی طرف اشارہ ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ آج سپریم کورٹ کے چار سینئر چیف جسٹس نے آزاد بھارت کی تاریخ میں ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے عدالتی امور پر خارجی اثرات کو مسلط کئے جانے کا انکشاف کیا اور کہا ہے کہ عدالت میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے اور کئی امور توقع کے بغیر انجام پار رہے ہیں ۔ ان ججوں نے کہا کہ اس ادارے کے تحفظ کو یقینی بنائے بغیر ملک کی جمہوریت کی سا لمیت کی ضمانت نہیں لی جا سکتی ہے ۔جے ڈی یو کے سابق لیڈر یادو نے اسے ایک غیر متوقع واقعہ بتاتے ہوئے اسے ملک کے جمہوری ڈھانچے کے لیے نہایت ہی تشویشناک بتایا۔ انہوں نے ٹو ئٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی سنجیدہ او ر سنگین ترین صورتحال ہے۔جب ملک کی تاریخ میں پہلی بار سپریم کورٹ کے چار برسر ملازمت ججوں کو اپنی شکایات کو اجاگر کرنے اور غیر جمہوری امور کے انکشاف کے لیے میڈیا کے سامنے آنا پڑا ۔