فلسطین کے معاملے ہندستان اپنے آزاد موقف پر قائم ، کسی تیسرے کی سوچ کا پابند نہیں : وزارت خارجہ

نئی دہلی (یواین آئی)
یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی تسلیم کرنے کے صدر امریکہ ڈونالڈٹرمپ کے اقدام پر ہندستان نے اپنے اولین ردعمل میں کہا ہے کہ فلسطین کے تعلق سے ہندستان کے اپنے آزاد موقف کا کسی تیسرے ملک کے فکر و عمل سے کوئی علاقہ نہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ ہندستان فلسطین کے تعلق سے اپنے آزاد موقف پر قائم ہے جو ہندستانی فکر اور مفادات کی ترجمانی کرتا ہے اس میں کسی تیسرے ملک کا کوئی دخل نہیں۔
واضح رہے کہ کل امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی تسلیم کرنے کا اعلان کردیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ اقدام امریکہ کے بہترین مفاد اور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان قیامِ امن کے لیے ضروری تھا۔اسی کے ساتھ انہوں نے امریکی سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔اس طرح امریکہ یروشلم کو اسرائیل کی راجدھانی تسلیم کر نے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔