مشرقی غوطہ پر ایک مرتبہ پھر فضائی حملہ،42 افرادجاں بحق

دبئی۔12مارچ(ایجنسیاں)
ملک شام کے مشرقی غوطہ علاقہ میں فوج کے جاری فضائی حملے میں کم از کم 42 افراد کی موت ہو گئی۔ خبررساں ایجنسی الجزیرہ نے ڈوما میں موجود کارکن کے حوالہ سے بتایا کہ شامی طیارے پورے غوطہ شہر میں مسلسل بم برسا رہے ہیں۔ شامی ٹیلی ویزن نے خبر دی ہے کہ فوج نے اتوار کو موڈیرا شہر کو اپنے قبضہ میں لے لیا ہے۔
کارکن ایڈم نور نے کہا کہ فوج کے حملوں میں جوبار میں آٹھ لوگوں کی موت ہوئی ہے جبکہ دوما میں ایک ہی کنبہ کے 16لوگ مارے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہرستہ ، جملکا، اربن اور ایڈم شہر میں لوگ مارے گئے ہیں۔ فوج کی مہم کافی جارحانہ ہو رہی ہے اور میسر با شہر پر قبضہ کرنے کے بعد اب وہ آس پاس کے علاقوں کی طرف بڑھ رہی ہے۔ دمشق کے نزدیک باغیوں کے قبضہ والے گڑھ میں فوج کی جارحانہ کارروائی جاری ہے اور اس نے نصف سے زائد علاقہ پر قبضہ کرلیا ہے۔
اس درمیان اقوام متحدہ نے کہا کہ مشرقی غوطہ شہر میں تقریباََ چار لاکھ شہری پھنسے ہوئے ہیں۔ مشرقی غوطہ تین حصوں میں تقسیم ہے۔ سیرین آبزرویٹری کے مطابق فوج نے مشرقی غوطہ میں 18فروری کو ہی کارروائی شروع کی تھی اور گزشتہ 21دنوں سے اب تک یہاں 1099لوگ مارے جا چکے ہیں۔