مولاناسلمان ندوی کے دفاع میں اتری بی جے پی ،سبرامنیم سوامی نے تعریفوں کے پل باندھے،اویسی اورمسلم پرسنل لاءبورڈکوبنایا نشانہ

نئی دہلی13فروری(ایجنسیاں)
جیساکہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ مولاناسلمان ندوی کی بت خانہ بنانے کی تجاویزاورکوششوں کے پس پردہ کچھ بھی ممکن ہوسکتاہے اوربعض الزامات کے مطابق، وہ کسی کے اشار ے پرکام کررہے ہیں،اس کی توثیق سبرامنیم سوامی،ساکشی مہاراج اوروسیم رضوی جیسے لوگوں کے ساتھ آنے سے ہونے لگی ہے۔ساکشی مہاراج نے بھی کہاہے کہ میں مولاناسلمان ندوی کی حمایت کرتاہوں۔ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی وکالت کرنے والے مولانا سلمان ندوی کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے بھی حمایت ملنے لگی ہے۔اس سے واضح ہوجاتاہے کہ پس پردہ کون سے عناصرکارفرماہیں ۔بی جے پی کے راجیہ سبھاایم پی سبرامنیم سوامی نے ندوی کوایک عالم اور معقول شخص قرار دیا ہے۔رام مندرکی تعمیر پر متنازعہ فارمولہ اورخانہ خداکی جگہ بت خانہ بنانے کی بھونڈی تجویز پیش کرنے کے بعد ندوی کو آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈسے نکال دیاگیا ہے۔مولاناسلمان ندوی فقہ حنبلی میں گنجائش کاحوالہ دے رہے ہیں لیکن وہ یہ نہیں بتارہے ہیں کہ مسجدکی زمین کی منتقلی الگ چیزہے اورمسجدکی جگہ مندریاغیراللہ کاعبادت خانہ بناناالگ چیزہے۔ظاہرہے کہ وحدانیت کے اصولوں پرمبنی اسلام کے کسی مسلک میں اس کی اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔اس پر، سوامی نے سوال اٹھایا اور کہا کہ یہ لگتا ہے کہ مسلم پرسنل لاءبورڈ ایک دکان کی طرح چل رہاہے۔سبرامنیم سوامی نے نہ صرف سلمان ندوی کو عالم بتایا ہے، بلکہ ان کے خلاف ایکشن کے لیے AIMPLB کی بھی تنقیدکی۔سوامی نے کہاکہ انہیں بورڈ سے ہٹا دیا گیا کیونکہ انہوں نے رام مندر بنانے کی وکالت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لگتا ہے کہ مسلم پرسنل لاءبورڈ ایک دکان کی طرح چل رہا ہے۔بی جے پی ایم پی نے بھی کہا کہ سلمان ندوی کے ساتھ ملک کے 80فیصد لوگ ہیں۔انہوںنے اسد الدین اویسی کو بھی نشانہ بنایاہے۔سوامی نے کہا کہ اویسی اپنی طرزکے ساتھ دوسرے گروپ میںآچکے ہیں۔انہوں نے کہاہے کہ اویسی کوسلمان ندوی سے معافی مانگنی چاہیے۔مولانا ندوی کی تعریف کرتے ہوئے سوامی نے کہاکہ ایک بار میں نے سید شہاب الدین سے بات کی تھی کہ بیرون ملک میں ضرورت پڑنے پر مساجد کو شفٹ کیاجاتاہے۔تب سید شہاب الدین نے کہا تھا اگر اس پر عدالت فیصلہ دے دے یا پھر سلمان ندوی کہہ دیں تو وہ مان لیں گے۔یہ مثال دیتے ہوئے سوامی نے کہا کہ اگر سید شہاب الدین جیسا کٹر مسلم شخص سلمان ندوی کی بات ماننے کے لیے تیار ہے تو ان کی قابلیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ایک بار پھر سوامی نے یہ امید ظاہر کی کہ ہندو ایودھیا تنازعہ جیت جائےںگے۔انہوں نے کہا کہ جولائی تک عدالت کے فیصلے رام مندر پر آئیں گے اور مندرکو دیوالی سے تعمیرکیاجائے گا۔