مولانا منت اللہ رحمانی پارا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ و اساتذہ سے مفتی نذر توحید مظاہری کا خطاب

پٹنہ(ملت ٹائمزپریس ریلیز
مولانا منت اللہ رحمانی میموریل پارا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ امارت شرعیہ کے ذریعہ چلایا جانے والا صوبہ بہار کا پارا میڈیکل کا ایک موقر و معتبر ادارہ ہے ، بہار ہی نہیں بلکہ ملک کے طول و عرض میں یہ ادارہ اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے ۔ یہاں کے فارغین ملک اور بیرون ملک کے اہم اسپتالوں اور طبی اداروں میں اپنی خدمت انجام دے رہے ہیں ۔اس ادارہ میں فیزیو تھراپی اور پیتھا لوجی میں ڈگری اور ڈپلوما کورس کرایا جا تا ہے ۔اور بہتر تعلیم و عمدہ تربیت کی وجہ سے طلبہ دوسرے اداروں کے مقابلہ میں اس کو ترجیح دیتے ہیں ۔
تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت بھی اس ادارہ کا طرہ امتیاز رہا ہے ، اسی کے پیش نظر مختلف قسم کے پرسنالٹی ڈیولپمنٹ کے پروگرام ہو تے رہتے ہیں ، اس کے علاوہ ملک کی مشہور و معروف علمی ، دینی و روحانی شخصیات کا خطاب طلبہ کے درمیان وقتا فوقتا ہو تا رہتا ہے ، جس کی وجہ سے طلبہ کو اپنی عملی و دینی زندگی کو بہتر کرنے کی رہنمائی ملتی رہتی ہے ، اسی سلسلہ میں کل مورخہ ۱۱ اکتوبر کو ملک کی مشہور و معروف علمی و روحانی شخصیت مولانا مفتی نذر توحید مظاہری مہتمم و شیخ الحدیث جامعہ رشیدالعلوم چترا و قاضی شریعت دار القضاءامارت شرعیہ چترا رکن شوریٰ و عاملہ امارت شرعیہ کی قیادت میں ایک وفد نے مولانا منت اللہ رحمانی پارا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں اور لیبوریٹریوں کا معائنہ کیا ، طلبہ و اساتذہ سے ملاقات کر کے تعلیمی و تدریسی نظام کے بارے میں معلومات حاصل کی ۔ اس وفد میں مولانا منظورعالم قاسمی رکن شوریٰ و عاملہ امارت شرعیہ ، مولانا محمد ابو الکلام شمسی آفس سکریٹری امارت شرعیہ، مولانا محمد عادل فریدی بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر حضر ت مولانا مفتی نذر توحید مظاہری صاحب نے طلبہ و اساتذہ کے مجمع سے خطاب بھی کیا ، اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ کو اپنی نیتوں کو درست کرنے اور خدمت خلق کے جذبے کو ہمیشہ ملحوظ رکھنے کی نصیحت کی ، انہوں نے کہا کہ میڈیکل اور پارا میڈکل کے لائن میں عزت بھی ہے ، شہرت بھی ہے ، دولت بھی اور خدمت خلق بھی ہے ،اس لیے آپ ہمیشہ خدمت خلق کے جذبے سے کام کیجئے تو اللہ تعالیٰ عزت بھی دیگا اور شہرت و دلت بھی عطا کرے گا اور آخرت میں آپ کا عمل آپ کے لیے باعث نجات بھی بنے گا ۔
اس پروگرام میںایم ایم آر ایم کے سکریٹری جناب مولانا سہیل احمد ندوی بھی تھے ، انہوںنے طلبہ و اساتذہ کے سامنے مہمانوں کا تعارف کرایا اور وفد کے سامنے پارا میڈیکل کے شعبہ سے متعلق حصولیابیوں کا تفصیلی تذکرہ کیا ۔جناب ڈاکٹر سید نثار صاحب پرنسپل ایم ایم آر ایم نے وفد کو لیبورٹریز کے تمام آلات وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی اور نظام تعلیم و تدریس کے بارے میں بتایا ۔اس پروگرام میں ڈاکٹر سید کمال وارث، جناب حسیب احمد صاحب ، جناب امتیاز صاحب کے علاوہ اساتذہ ، کارکنا ن اور طلبہ کی ایک بڑی تعداد شریک رہی ۔ اخیر میں مفتی صاحب موصوف کی دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔