اخیر عشرہ میں اپنی خامیوں کو دور کرنے کیلئے اللہ رب العزت کی بارہ گاہ میں دعا ءکا اہتمام کریں :ڈاکٹر محمد منظور عالم

نئی دہلی ۔(پریس ریلیز)
رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار اور عظیم ترین مہینہ ہے جس میں قرآن کریم کا نزول ہوا،شیاطین کو قید کردیاجاتاہے اور تقوی اختیار کرنے کی جانب سے سب سے زیادہ رغبت دلائی جاتی ہے ۔اس ماہ مبارک کے احترام کا تقاضا ہے کہ مسلمان اس میں قرآن کریم کی تلاوت کریں،نمازوں کی پابندی کریں بکثرت ذکر کریں،جھوٹ،غیبت ،چغلخوری اور ہر طرح کی برائیوں سے خود کو محفوظ رکھے ۔ان خیالات کا اظہار آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے جاری ایک پیغام میں کیا ۔
انہوں نے اپنے پیغا م میں مزید کہاکہ ماہ مبارک کا اخیر عشرہ شروع ہوگیاہے ۔یہ بہت اہم ہے ،شب قدر کی تلاش ، اس میں عبادتوں کا اہتمام اور اعتکاف کرنا اس کی اہم ترین خصوصیت ہے ۔اس کی خاص دعاءاحادیث سے ثابت ہے جس میں اختلاف کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اس کا اہتمام کرتے ہیں ۔ان دعاﺅں کو پڑھتے ہیں ۔ڈاکٹر محمد منظور عالم نے کہا اس عشرہ میں مسلمانوں کو اپنی خامیوں کو دور کرنے کی بھی کوشش کرنی چاہیئے اور اس کیلئے اللہ تعالی سے دعاءکرنا چاہیئے ۔ہر ایک انسان اپنی کمزوریوں اور خامیوں سے بخوبی واقف ہوتاہے ۔یہ بھی سچ ہے کہ دنیا کے ہر ایک انسان میں کچھ نہ کچھ کمزوری اور خامی پائی جاتی ہے اور انسان اپنی ان کمزوریوں کو خود سب سے زیادہ جاننے والا ہوتاہے ہرچند کہ اسے اپنی خوبیوں کا بھی علم ہوتاہے اس لئے مسلمانوں کو چاہیئے کہ ماہ مبارک کے اخیر عشرہ میں اپنی کمزوریوں اور خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں اور اس بارے میں اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعاءکریں ۔تقوی کو اختیا ر کریں اور ماہ مبارک کی جیسی زندگی پورے سال گزارنے کی کوشش کریں ۔

SHARE