عاشق کے ہاتھوں17 سالہ معشوقہ کا ریپ کے بعد بہیمانہ قتل

نئی دہلی (ایم این این )
قتل اور عصمت دری کے واقعات تمام تر کوششوں کے باوجود بڑھتے جارہے ہیں ،عصمت دری اور قتل کا ایک اور سنگین واقعہ قومی راجدھانی دہلی میں پیش آیاہے جہاں عاشق نے 17 سالہ معشوقہ کا ریپ کے بعد قتل کردیا ۔
واقعہ دہلی کے شالیمار باغ علاقہ کا ہے جہاں عاشق نے اپنی محبوبہ کا سر جسم سے الگ کر دیا اور اس کے اعضائے مخصوصہ پر گہرے زخم بھی دیے۔ تین ٹکڑوں میں منقسم لڑکی کی لاش پولس نے لڑکے کے گھر سے برآمد کی ہے۔ ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ اس سنسنی خیز واقعہ کو انجام دینے کے بعد سے فرار ہے۔ پولس نے بری طرح مسخ اس لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور ملزم کی تلاش میں مصروف بھی ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نابالغ لڑکی جمعہ سے ہی اپنے گھر سے غائب تھی اور گھر والوں نے شالیمار باغ تھانہ میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ لکھائی تھی۔ پولس کو جب تحقیق کے دوران پتہ چلا کہ لڑکی کو ا?خری بار اس کے دوست سنی کے ساتھ دیکھا گیا ہے، تو پولس سنی سے ملنے اس کے گھر پہنچی۔ لیکن گھر باہر سے بند تھا۔ جب پولس نے دروازہ توڑا تو سبھی کے پیروں تلے زمین کھسک گئی۔ گھر میں خون پھیلا ہوا تھا اور تین ٹکڑوں میں لاش پڑی ہوئی تھی۔
سنی نے اپنی محبوبہ کو اس طرح کیوں مارا، اس کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے لیکن جس بے رحمی کے ساتھ نابالغ لڑکی کا قتل کیا گیا وہ اندوہناک ہے۔ لاش کے آس پاس سے کچھ ثبوتوں کو پولس نے اکٹھا کر لیا ہے اور اس کے مطابق جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے۔ لیکن فی الحال ایسا کوئی سراغ نہیں ملا ہے جس سے سنی کا پتہ چل سکے۔

SHARE