کانگریس ودیگر سیکولر پارٹیاں ووٹ حاصل کرنے کے ساتھ مسلمانوں کو مناسب نمائندگی بھی دے :متحدہ ملی مجلس

۔دلتوں اور تمام لوگوں کو ان کی آبادی کے مناسب نمائندگی دی جاتی ہے صرف مسلمانوں کو ان کا حق نہیں دیاجاتاہے اس لئے ہمارا کانگریس اور دیگر سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ ہے کہ اب وہ ہمیں بھی ہمار احق دے
نئی دہلی(ملت ٹائمز)
مسلمان ہمیشہ کانگریس اور دیگر سیکولر پارٹیوں کو ہر ریاستی اور عام انتخابات میں ووٹ دیتے ہیں،انہیں فتح سے ہمکنار کرنے میں اپنی سطح پر مکمل جدوجہد کرتے ہیں لیکن یہ سیاسی پارٹیاں انہیں مناسب نمائندگی نہیں دیتی ہیں ،نہ تو اقتدار میں حصہ داری دی جاتی ہے اور نہ انہیں آبادی کے تناسب سے ٹکٹ دیاجاتاہے ۔ان خیالات کا اظہار آج متحدہ ملی مجلس کے کنوینر مولانا مفتی اعجاز ارشد قاسمی نے پریس کلب آف انڈیا میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
پریس کانفرنس میں انہوں نے بتایاکہ تین ریاستوں میں انتخابات ہونے جارہے ہیں ۔راجستھان میں دس فیصد مسلم آبادی ہے ،مدھیہ پردیش میں بھی تقریبا چھ فیصد مسلم آبادی ہے اور چھتیس گڑھ میں بھی مسلم آبادی ہے ۔ان تمام ریاستوں میں مسلمان کانگریس کو ووٹ دیتے ہیں لیکن کانگریس انہیں آبادی کے تناسب سے ووٹ نہیں دیتی ہے اس لئے ہمارا کانگریس سے مطالبہ ہے کہ وہ تینوں ریاستوں میں مسلم امیدواروں کو نظر انداز کرنے کے بجائے انہیں بھی ٹکٹ دے صرف ان کا ووٹ حاصل کرنے کی کوشش نہ کرے ۔ایک سوال کے جواب میں مفتی اعجاز ارشدقاسمی نے کہاکہ ابھی ایک لسٹ جاری ہوئی ہے بقیہ جاری ہونی ہے اس لئے ہم نے پریس کانفرنس کرکے یہ مطالبہ پیش کیاہے تاکہ ٹکٹ کی تقسیم میں اس کو پیش نظر رکھاجائے ۔لسٹ جاری ہونے کے بعد ہنگامہ کرکے کوئی فائدہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ راجستھان میں 20 سے 18 ٹکٹ مسلم امیدوار کو ملنا چاہیئے اسی طرح مدھیہ پردیش وغیرہ میں بھی آبادی کے تناسب سے ملنا چاہیئے اگر کانگریس ایسا نہیں کرتی ہے تو پھر ہم کسی متباد ل پر غور کریں گے اور پندرہ بیس آزاد یا کسی دوسری پارٹی کے ٹکٹ سے مسلم امیدوا ر کھڑے کرسکتے ہیں ۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس بی جے پی کے مقابلے میں کسی حدتک بہتر ہے لیکن اب یہ بھی سوفٹ ہندتوا کی راہ پر گامزن ہے جو خود اس کیلئے نقصان کا باعث ہے ۔ہمار ا مطالبہ صرف یہ ہے کہ جس طرح کانگریس ان ریاستوں میں مسلمانوں کا ووٹ چاہتی ہے اسی طرح وہ ٹکٹ بھی مسلمانوں کو دے ۔ہم کانگریس کے ساتھ ہیں لیکن یہ چاہتے ہیں کہ اقتدار اور سیاست میں مناسب نمائندگی ملے ۔دلتوں اور تمام لوگوں کو ان کی آبادی کے مناسب نمائندگی دی جاتی ہے صرف مسلمانوں کو ان کا حق نہیں دیاجاتاہے اس لئے ہمارا کانگریس اور دیگر سیاسی پارٹیوں سے مطالبہ ہے کہ اب وہ ہمیں بھی ہمار احق دے ۔

SHARE