وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کی دارالعلوم دیوبند کے پیشکش کی ستائش!

مذہبی رہنماؤ سے ویڈیو کانفرسنگ کے دوران مولانا محمود مدنی نے کہاکہ متحدہ کوششوں کو مذہبی رنگ نہ دیا جائے

دیوبند: ( سمیر چودھری) دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کا ہندوستان پر بھی گہری اثر پڑتا جارہاہے، جس سے تحفظ کے لئے ہر سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں، اسی کے تحت آج اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ مذہبی رہنماؤں سے بیداری مہم پر خصوصی زور دینے کی اپیل کی۔ وزیر اعلیٰ نے مذہبی رہنماؤں سے سوشل ڈسٹینسنگ پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی اور کہاکہ لوگوں کو مذہبی مقامات پر جمع نہ ہونے دیں اور لاک ڈاؤن کو بہتر طریقہ سے فالو کرانے کے لئے اپنا تعاون کریں۔ اترپردیش وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ویڈیو کانفرنسنگ میں مفتی ابوالقاسم نعمانی مہتمم دارالعلوم دیوبند‘ مولانا محمود مدنی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند اور مولانا محمد مدنی شامل تھے۔ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ گفتگو کرتے ہوئے دارلعلوم دیوبند کے تعاون کی ستائش کی اور اظہار تشکر کیا، چیف منسٹر نے دارلعلوم دیوبند کے مہتمم سے کہاکہ وہ عوام میں بیداری ڈالیں اور اعتماد پیدا کرنے کے لئے طبی جانچ کرانے اپیل کریں۔ جس کے جواب میں مولانا نعمانی نے کہاکہ دارالعلو م دیوبند یہ اپیل پہلے ہی جاری کرچکاہے، جس پر یوگی آدتیہ ناتھ نے کہاکہ یہ ان کے علم میں آچکاہے، دارالعلوم دیوبند کا اپڈیٹ رہنا قابل ستائش ہے اور آپ جیسے بزرگوں کا میں ہمیشہ ہی سمان کرتا آیا ہوں خاص طور پر پولیو ڈراپ والے مسئلہ میں آپ کی اپیل بہت مؤثر رہی۔ جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سیدمحمود مدنی اس موقع پر وزیر اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میڈیا جس انداز میں اس متحدہ کوششوں میں فرقہ وارانہ رنگ بھر کر انہیں خراب کرنے کی کوشش کررہاہے، اس وجہ سے کورونا وائرس سے لڑی جانے والی لڑائی کمزور پڑ رہی ہے۔ اسلئے اس بات کی ضرورت ہے کہ حکومت ایسے میڈیا پر پابندی لگائے تاکہ تمام لوگ اتحاد واتفاق کے ساتھ اس وبائی مرض کامقابلہ کرسکیں۔ اس دوران مولانا محمود مدنی نے کہاکہ آئی سو لیشن میں داخل کئے گئے افراد کے ساتھ ہمددرانہ سلوک کیاجائے۔