سرکردہ شخصیات اور صحافیوں کو ہر سال نوجوان صحافی قیصر صدیقی سے منسوب ایوارڈ دیا جائے گا، تعزیتی نشست میں ڈاکٹر ساجد علی خان کا اعلان

سیتامڑھی: (محمد معراج) نوجوان صحافی محمد قیصر صدیقی کی وفات پر سیتامڑھی کے امن وہار ہوٹل میں ایک تعزیتی نشست منعقد ہوئی جس کی صدارت معروف ملی سیاسی رہنما اور ایچ ایم ٹی ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ساجد علی خان نے کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا نوجوان صحافی محمد قیصر صدیقی نے 24سال کی عمر میں وہ عظیم کارنامہ انجام دیا ہے جو لوگ ساٹھ سال میں نہیں کرپاتے ہیں۔ وہ نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ تھے اور کم عمر میں صحافت، تعلیم اور سماجی امور میں انہوں نے جو خدمات انجام دی ہے وہ ناقابل فراموش ہیں۔ اس موقع ڈاکٹر ساجد علی خان نے اعلان کیا کہ ہر سال سماج کے سرکردہ افراد اور صحافیوں کو محمد قیصر صدیقی سے منسوب ایوارڈ دیا جائے گا۔ قیصر صدیقی ایوارڈ مومینٹو، شال اور ایک ہزار روپے پر مشتمل ہوگا۔ محمد قیصر صدیقی ملت ٹائمز ہندی کے ایڈیٹر، سیتامڑھی ٹائمز کے بانی اور سی ای او تھے اس کے علاوہ وہ متعدد طرح کی سماجی اور ملی سرگرمیوں سے وابستہ تھے۔
تعزیتی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سیتامڑھی کے مشہور صحافی اور اردو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری اشتیاق عالم تسلیمی نے کہا کہ مرحوم ملنسار اور ملی جذبات سے سرشار تھے۔ ان کی ہمہ جہت خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ سیتامڑھی کے سینئر صحافی اور قومی تنظیم کے نمائندہ طالب حسین آزاد نے کہاکہ مرحوم نے علاقے میں صحافیوں کو جوڑنے کا کام کیا ہے اور ایسے نوجوان کی وفات سے تو قوم و ملت کا نقصان ہوا ہے اس کی تلافی مشکل ہے‌۔ وائس آف بہار کے ایڈیٹر سلمان ساگر نے کہاکہ مرحوم میں انقلابی صفت پائی جاتی تھی۔
میٹنگ میں مرحوم کے بڑے بھائیب، پریس کلب آف انڈیا کے ڈائریکٹر شمس تبریز قاسمی نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے کہا محمد قیصر صدیقی کے اصرار پر ملت ٹائمز نے اپنا ہندی ورژن شروع کیا جس کی سبھی ذمہ داریاں انہیں کے سپرد تھیں اور بہت کم وقت میں ہندی ورژن نے بڑی کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے علاقائی خبروں کیلئے سیتامڑھی ٹائمز کی بنیاد رکھی جس کی اب ایک حیثیت بن چکی اور آئندہ بھی یہ جاری رہے گا تاکہ مرحوم کا مشن زندہ رہے۔
اس موقع پر کلیم اختر شفیق نمائندہ روزنامہ سہارا ایکسپریس، احسان دانش نمائندہ نیٹ ورک ٹین و کشش نیوز ، حافظ سیف الاسلام مدنی ، شاہد رضا ، محفوظ عالم ، معراج عالم خصوصی نمائندہ ملت ٹائمز ، ثاقب رضا نمائندہ ملت ٹائمز وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مرحوم قیصر صدیقی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دعاء مغفرت کی۔
نظامت کا فریضہ مظفر عالم عرف راجا نے انجام دیا ، یہ میٹنگ سیتامڑھی ٹائمز کی طرف سے منعقد کی گئی تھی۔
اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ سیتامڑھی ٹائمز کی ذمہ داریاں بطور ایڈیٹر مظفر عالم سنبھالیں گے.، منیجنگ ایڈیٹر ثاقب رضا کو اور معراج عالم کو سینئر ایڈیٹر منتخب کیا گیا ، جبکہ ڈاکٹر ساجد علی خان صاحب کو سرپرست ایڈیٹر منتخب کیا گیا۔
اشتیاق عالم تسلیمی کی دعاءپر مجلسِ اختتام پذیر ہوئی۔