بریلی میں حضرت مولانا توقیر رضا کے اجتماع میں ہم آہنگی، بقائے باہم اور وطن سے محبت کی بات قابل ستائش: پروفیسر اخترالواسع

نئی دہلی: (پریس ریلیز) مشہور سماجی دانشور اور مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپور کے سابق وائس چانسلر پدم شری پروفیسر اخترالواسع نے کل بریلی میں حضرت مولانا توقیر رضا خاں کے ذریعے بعد نماز جمعہ جس طرح ہری دوار میں مسلمانوں کے خلاف دھرم سنسد میں اشتعال انگیزی، تشدد اور نسل کشی کی باتیں کی گئیں تھیں، اس کے جواب میں جو اجتماع کیا اور اس میں جس صبر و تحمل، حب الوطنی اور انسان دوستی کا مظاہرہ کیا گیا، اس کی جتنی بھی ستائش کی جائے وہ کم ہے۔ حضرت مولانا توقیر رضا خاں جو کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خاں صاحب فاضل بریلی کے نبیرہ ہیں، نے اپنی تقریر میں یہ کہہ کر کہ ”ہم برادران وطن سے نہیں لڑنا چاہتے لیکن اگر ہمارے خون سے کسی کی پیاس بجھ سکتی ہے تو ہم قربان ہونے کو تیار ہیں لیکن اگر بہادری دکھانی ہی ہے تو چلو چین کی سرحد پر چلتے ہیں۔“ مولانا نے کہا کہ ”ہمارے نوجوانوں کو تھوڑے سے ہتھیار دے دو، ہم چین سے کیلاش سرور حاصل کرکے تمہیں تحفے میں پیش کر دیں گے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ”مسلمانوں کو پاکستان کے طعنے مت دو۔ اگر پاکستان سے لڑنا چاہتے ہو تو چلو ہمارے ساتھ چلو۔“
پروفیسر اخترالوسع نے حضرت مولانا توقیر رضا خاں کے ان ولولہ انگیز خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل کے اجتماع کے ذریعے حضرت مولانا توقیر رضا خاں نے تمام ہندوستانی مسلمانوں کی طرف سے یہ ثابت کر دیا کہ جہاں ہری دوار، رائے پور، گووِند پوری (دہلی) اور سون بھدر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اگلی گئی، وہیں بریلی میں ہندوستان اور اس کے رہنے والوں کے ساتھ مسلمانوں نے ہم آہنگی، بقائے باہم اور وطن سے محبت کی بات کی۔ پروفیسر واسع نے حضرت مولانا توقیر رضا خاں صاحب کو مبارکباد دیتے ہوئے مرکزی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ شرپسندوں، فرقے وارانہ جنون کے شکار لوگوں اور مسلمانوںنیز دیگر مذہبی اقلیتوں کے خلاف جو لوگ نفرت پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے میں دیر نہیں کرنی چاہیے۔ کل کے بریلی کے اجتماع نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کچھ نام نہاد لوگ جہاں مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلانا چاہتے ہیں وہیں مسلمان اس ملک میں شانتی، آشتی اور اتحاد پھیلانا چاہتے ہیں اور اپنے برادرانِ وطن کے ساتھ خیرسگالی اور محبت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔

SHARE
ملت ٹائمز میں خوش آمدید ! اپنے علاقے کی خبریں ، گراؤنڈ رپورٹس اور سیاسی ، سماجی ، تعلیمی اور ادبی موضوعات پر اپنی تحریر آپ براہ راست ہمیں میل کرسکتے ہیں ۔ millattimesurdu@gmail.com