13 اکتوبر کو ملک بھر میں 50 سے زائد مقامات پر لاکھوں کی تعداد میں مسلم نوجوان کررہے ہیں احتجاج ۔یہ ہیں اہم مطالبات

ملک بھر میں تقریبا 50 سے زائد مقامات پر 13 اکتوبر کو یوم مزاحمت کے عنوان سے ہم احتجاج کررہے ہیں جس میں ہما را اہم مطالبہ ہوگا ،ہمارا ووٹ ہماری بات اور یکساں شہری حقوق دینے کا

نئی دہلی (ملت ٹائمز منور عالم )
حکومت کی ناکامی ،ہجومی تشدد ،حقوق انسانی کارکنان کی گرفتاری،پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں مسلمانوں کی عدم نمائندگی ،اہم عہدوں سے محرو م رکھنے جیسے حساس مسائل پر آئندہ 13 اکتوبر کو ملک بھر میںلاکھوں مسلمان اور دلت نوجوان مختلف شہروں میں اجتجاج کررہے ہیں ۔
ملت ٹائمز کے ذرائع کے مطابق مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہندوستان کے مسلم اور دلت نوجوان 13 اکتوبر کو یوم مزاحمت کے طور پر ہندوستان کے متعدد شہروں میں احتجاج کرنے کا منصوبہ بنارہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ اس احتجاج میں لاکھوں مسلمان ۔دلت شرکت کریں اور ہندوستان کے 200 ملین عوام کو یکساں حقوق دینے کا مطالبہ کریں ۔اس احتجاج میں کسی تنظیم کا بینر نہیں ہوگا ،کسی بھی سیاست لیڈر کی شرکت نہیں ہوگی ،صرف سوشل ورکر ،حقوق انسانی کارکن اور ملک کے مفاد میں کام کرنے والے دلت مسلم نوجوان ہوں گے۔
معروف نوجوان لیڈر عامر ادریسی نے ملت ٹائمز سے بتایاکہ گذشتہ ستر سالوں میں مسلمانوں کو حقوق نہیں دیئے گئے ہیں،سیاسی پارٹیوں میں انہیں نمایاں مقام حاصل نہیں ہے ۔مسلمانوں کا صرف ووٹ لیا جاتاہے انہیں ان کا حق نہیں دیا جاتاہے ۔گذشتہ چارسالوں کے دروان ہوئے ہجومی تشدد کے واقعات میں مرنے والے 84 فیصد مسلمان ہیں ۔دوسال ہونے کے باوجود نجیب احمد کا پتہ نہیں چل سکاہے ۔پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں مسلمانوں کی مناسب نمائندگی نہیں ہے ۔مسلسل مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز تقریریں کی جارہی ہے ۔مجرموں کے خلاف کاروئی کرنے کے بجائے ان کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے ۔ایسے تمام ایشوزپر ملک بھر کے مسلم نوجوان بیدار ہوچکے ہیں اور ملک بھر میں تقریبا 50 سے زائد مقامات پر 13 اکتوبر کو یوم مزاحمت کے عنوان سے ہم احتجاج کررہے ہیں جس میں ہما را اہم مطالبہ ہوگا ،ہمارا ووٹ ہماری بات اور یکساں شہری حقوق دینے کا ۔

SHARE