18 اگست کو عمران خان لیں گے وزیر اعظم کے عہدہ کاحلف ،یہ لوگ ہیں خصوصی مدعووین

ب تک کسی بھی وزیر اعظم نے وہاں پانچ سال تک کی آئینی مدت پوری نہیں کی ہے ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ عمران کا کیا ہوتاہے یہ مدت پوری کرکے نمایاں ریکاڈ قائم کریں گے یا دیگر وزراءاعظم کی طرح فوج کا شکار ہوجائیں گے
اسلام آباد(ملت ٹائمز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران 18 اگست کو زیر اعظم کے عہدہ کا حلف لیں گے ۔پاک میڈیا کے مطابق عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر میڈیا سے بات چیت میں ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری 18 اگست کو ہوگی جب کہ ارکان اسمبلی 13 اگست کو حلف اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب حلف برداری کی تیاری کل سے شروع ہوگی، عمران خان وزیراعظم یا پنجاب ہاو¿س میں نہیں بلکہ منسٹرانکلیو میں قیام کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بنی گالا میں سیکیورٹی انتظامات عمران خان خود برداشت کررہے ہیں، منسٹرز انکلیو میں گھر کی مرمت کا کام بھی عمران خان خود کریں گے جب کہ ایک پیسہ بھی سرکاری خزانے سے نہیں لیا گیا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب میں سابق بھارتی کپتان کپل دیو، نوجوت سدھو اور سنیل گواسکر کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ 1992 کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ قیام پاکستان کو ستر سالوں کا عرصہ گزر جانے کے باوجود جمہوریت وہاں مضبوط نہیں ہوسکی ہے جس کی ایک واضح مثال یہ ہے کہ اب تک کسی بھی وزیر اعظم نے وہاں پانچ سال تک کی آئینی مدت پوری نہیں کی ہے ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ عمران کا کیا ہوتاہے یہ مدت پوری کرکے نمایاں ریکاڈ قائم کریں گے یا دیگر وزراءاعظم کی طرح فوج کا شکار ہوجائیں گے ۔

SHARE