آذر بائیجان سے شکست پر دباؤ کے شکار آرمینیائی وزیرعظم کا مستعفی ہونے کا فیصلہ

یریوان: آذربائیجان سے عبرتناک شکست پر شدید عوامی دباؤ کے شکار آرمینیا کے وزیراعظم نکلول پشینیان نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپریل میں اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آرمینیا کے وزیراعظم نکلول پشینیان نے رواں برس اپریل میں مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ہے تاہم وہ پارلیمانی انتخابات کے انعقاد تک اپنے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
آرمینیا کے وزیراعظم پر آذربائیجان سے گزشتہ برس اکتوبر میں 6 ماہ کی جنگ کے بعد ہتھیار ڈالنے پر شدید عوامی دباؤ کا سامنا تھا جب کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کڑی تنقید کی جارہی تھی اور نئے انتخابات کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان متنازع علاقے نگورنو کاراباخ پر 6 ماہ سے زیادہ عرصے تک جنگ جاری رہی، عالمی سطح پر نگورنو کاراباخ کو آذربائیجان کا علاقہ تسلیم کیا جاتا ہے جس پر آرمینیا نے قبضہ کیا ہوا تھا تاہم اس علاقے میں آرمینیاؤں کی تعداد زیادہ ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان خونریز جنگ کا خاتمہ روس کی مداخلت پر ہوا تھا اور انسان دوست امن معاہدے کے تحت نہ صرف آرمینیا نے ہتھیار ڈال دیئے تھے بلکہ آذربائیجان کو کئی علاقے واپس بھی کردیئے تھے۔ اس جنگ میں دو ہزار سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے تھے۔