جدید تعلیم کے بغیر دنیا کی امامت نہیں مل سکتی: عبد القدیر

نئی دہلی (پریس ریلیز) دنیا میں ہمیشہ ان لوگوں کو عزت ۔سربلندی اور اقتدار حاصل رہا ہے جو لوگ جدید علوم کے حامل رہے ہیں ۔مسلمانوں کو بھی اللہ نے اسی لیے دنیا کی امامت دی تھی کہ وہ اپنی ہم عصر قوموں سے علم میں برتری حاصل کرگئے تھے ۔ یہاں تک کہ آدم کو بھی فرشتوں نے سجدہ اللہ کے حکم اور آدم کی علمی اعتراف کے طور پر ہی کیا تھا۔مسلم سماج میں تعلیم کا گراف ضرور بڑھا ہے مگر دین اور دنیا کی تقسیم نے ابھی بھی ایک طبقے کو جدید علوم سے محروم کر رکھا ہے۔ حفاظ قرآن جو ذہانت اور محنت میں دیگر طالبان علم سے کہیں زیادہ ہوتے ہیں ان کے سامنے جدید علوم کے راستے تقریبا بند ہوجاتے ہیں کیوں کہ ہماری سوسائٹی میں ان کی جدید تعلیم کاخاطر خواہ نظم نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہار آج سہ پہر تین بجے شاہین اکیڈمی دہلی میں منعقدہ ایک پروگرام میں فاضل مقررین نے کیا ۔ یہ پروگرام شاہین گروپ کے چیئرمین عبدالقدیر صاحب اور ان کی ٹیم کی دہلی آمد کے موقع پر منعقد کیا گیا تھا ۔شاہین کے ذمہ داران نے اپنےمختلف پروگراموں کا تعارف کرایا اور گزشتہ چند سال کی نمایاں کامیابیوں کی تفصیلات بتائیں ۔ اسی ضمن میں عبدالقدیر صاحب نے بتایا کہ شاہین گروپ آف انسٹی ٹیوشن نے حفظ القرآن پلس کے نام سے آٹھ سال قبل کورس شروع کیا تھا جس کے بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔جس سے حوصلہ پاکر ملک کی مختلف شاخوں میں یہ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ ۔موصوف نے شاہین اکیڈمی دہلی کی تعریف کی کہ اس نے وبا کے دوران بھی پابندی سے آن لائن کلاسیز کا اہتمام کیا۔ عبدالقدیر صاحب نے کہا کہ مستقبل قریب میں شمالی ہندوستان کی سب سے اہم شاخ الحفیظ ایجوکیشنل اکیڈمی سہسوان ضلع بدایوں یو پی ہوگی جہاں یکم فروری سے حفظ القرآن پلس کی کلاسیز شروع ہوجائیں گی۔واضح رہے کہ شاہین گروپ کی جانب سے ہونہار طلبہ کو میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم کے لیے ہر سال اسکالر شپ دی جاتی ہے جس کے لیے ملکی سطح پر ایک ٹیسٹ کرایا جاتا ہے جسے SSG کہا جاتا ہے 2021 میں یہ ٹیسٹ 14 فروری کو آن لائن ہو گا ۔ شاہین اکیڈمی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور الحفیظ ایجوکیشنل اکیڈمی کے چیرمین جناب کلیم الحفیظ صاحب نے شمالی ہند پر توجہ دینے کے لیے شاہین گروپ کا شکریہ ادا کیا۔کلیم الحفیظ صاحب نے بتایا کہ سہسوان میں الحفیظ ایجوکیشنل اکیڈمی ایک سی بی ایس ای انٹر کالج ہے جہاں یکم فروری سے حفظ القرآن پلس کی کلاسیز شروع ہورہی ہیں اور اپریل سےNEET اور IIT کی کوچنگ کلاسیز بھی شروع کرنے کا پروگرام ہے ۔پروگرام میں اہل علم کی قابل ذکر تعداد نے شرکت فرمائی۔