دہلی میں ویک اینڈ کرفیو کا اعلان، جانیں کیا کھلا رہے گا اور کہاں ہوگی پابندی!

کورونا سے مچے کہرام کے درمیان حکومت دہلی نے ویک اینڈ کرفیو کا اعلان کر دیا ہے، راجدھانی میں جمعہ کی رات 10 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا، اس دوران جِم، اسپا، مال وغیرہ بند رہیں گے
نئی دہلی: ملک میں کوورنا کے یومیہ کیسز کے اعداد 2 لاکھ کو تجاوز کر چکے ہیں اور یومیہ اموات کی تعداد بھی ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ دہلی میں بھی کورونا لگاتار ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔ دریں اثنا، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعرات کے روز ویک اینڈ کرفیو کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی میں کورونا کی صورت حال پر قابو پانے کے لئے ویک اینڈ کرفیو ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے ہر ایک سے کرفیو کے دوران اصولوں کی پاسداری کرنے کی اپیل کی۔
دہلی میں جمعہ کی شب 10 بجے سے پیر کی صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا اور اگر ضرورت پڑی تو کرفیو کے دورانیہ میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔ اس دوران جِم، ہوٹل، اسپا، مال اور آڈیٹوریم بند رہیں گے۔ ضروری خدمات کرفیو سے مستثنیٰ رہیں گی جبکہ نجی کمپنیوں کے ملازمین گھر پر رہ کر ہی اپنے امور انجام دیں گے۔
کرفیو کے باوجود بین ریاستی نقل و حمل جاری رہے گی، شادیوں کے لئے بھی ریاعت رہے گی لیکن مہمانوں کو پہلے سے ای-پاس کے لئے درخواست پیش کرنا ہوگی۔ طبی عملہ کو ای-پاس کی ضرورت نہیں ہوگی، اس کے علاوہ مسافر اپنا نقل و حمل کا ٹکٹ پیش کر سکتے ہیں۔ ایم سی ڈی کے ہر زون میں ایک زونل مارکٹ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ’’ہم ضروری خدمات پر مامور لوگوں اور شادیوں کے لئے کرفیو پاس جاری کریں گے۔ مال جم اسپا، آڈیٹوریم بند کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔ سنیما ہال 30 فیصد صلاحیت کے ساتھ چل سکتے ہیں۔‘‘
وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ ویک اینڈ میں صرف علاقہ کے حساب سے ایک بازار کو کھولا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ دن لوگ کام کریں لیکن ویک اینڈ پر وہ گھروں میں ہی رہنے کی کوشش کریں۔ اگر کسی شخص کو اسپتال جانا ہے، ایئرپورٹ، بس اسٹیشن، ریلوے اسٹیشن جانا ہے تو وہ کرفیو سے مستثنیٰ رہے گا لیکن اس کے لئے پاس حاصل کرنا ہوگا۔