محمد رفیق مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر حلف لیں گے

مدھیہ پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل آج یہاں راج بھون میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں اسٹیٹ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد رفیق کو حلف دلائیں گی

بھوپال: مدھیہ پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل آج یہاں راج بھون میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں اسٹیٹ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد رفیق کو حلف دلائیں گی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق راج بھون میں دوپہر 2 بجے منعقد حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کے علاوہ سینئر وزراء، ممتاز عدالتی شخصیات اور سینئر ایڈمنسٹریٹیو آفیسر بھی موجود ہوں گے۔

محمد رفیق اب تک اڈیشہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس تھے۔ حال ہی میں ان کا تبادلہ مدھیہ پردیش کے چیف جسٹس کے طور پر کیا گیا ہے۔ ان کو مدھیہ پردیش کا چیف جسٹس مقرر کئے جانے کی سفارش سپریم کورٹ کالجیم نے کی تھی، جس کے بعد صدر اور چیف جسٹس آف انڈیا کی مہر ثبت ہونے کے بعد ہی حکومت ہند کی قانون اور انصاف کی وزارت نے ان کی تقرری کے حوالہ سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

مدھہ پردیش ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس محمد رفیق راجستھان کے کے چورو ضلع کے سجان گڑھ قصبہ کے رہائشی ہے ہیں۔ مشہور قائم خانی خاندان میں 25 مئی 1960 کو پیدا ہونے والے محمد رفیق نے ایل ایل بی کے بعد 1984 میں راجستھان ہائی کورٹ سے وکالت کی شروعات کی تھی۔ اس کے بعد ایک سے زیادہ مرتبہ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کا عہدہ بھی سنبھالا۔

15 مئی 2006 کو انہیں راجسھتان ہائی کورٹ میں جج مقرر کیا گیا۔ وہ دو مرتبہ کارگزار چیف جسٹس بھی بنائے گئے۔ 13 نومبر 2019 کو انہیں میگھایہ ہائی کورت کا چیف جسٹس مقرر کیا گیا۔ چار مہینے بعد ان کا میگھایہ سے اوڈیشہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر تبادلہ کیا گیا۔ اسی ضمن میں اب انہیں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے خالی عہدے کو پر کرنے کے لئے جبل پور بھیجا جا رہا ہے۔