مولانا نور عالم خلیل امینی کی رحلت علم و ادب کی دنیا کے لیے ناقابل تلافی خسارہ : مولانا سید ارشد مدنی

نئی دہلی: دارالعلوم دیوبند کے استاذ عربی مولانا نور عالم امینی کے سانحہ ارتحال پر صدر جمعیۃ علماء ہند و صدر المدرسین دارالعلوم دیوبند مولانا ارشد مدنی نے اپنے گہری رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مولانا نور عالم خلیل امینی کو عربی زبان میں ترجمہ کرنے میں جو ملکہ اللہ تعالی ٰ نے عطاء فرمایا تھا اس میں ان کی نظیر نہیں ملتی، میں سمجھتا ہوں کہ ان کے بعد فی الحال اس جگہ کا پُر ہونا مشکل ہے، یہ خداداد صلاحیت تھی جس میں وہ اپنی نظیر آپ تھے، مولانا مدنی نے فرمایا کہ دارالعلوم دیوبند کے رسالہ عربی الداعی کے وہ روح رواں تھے جس کے مضامین اور اداریے علمی حلقوں میں پسند کئے جاتے تھے۔ مولانا مدنی نے کہاکہ مولانا نورعالم خلیل امینی مولانا وحید الزماں کیرانویؒ کے خاص شاگردوں میں سے تھی، فراغت کے بعد کچھ دنوں تک دارالعلوم ندوۃ العلماء میں کام کیا، اس کے بعد ان کو دارالعلوم دیوبند بلالیا انہوں نے تقریباً چالیس سال تک دارالعلوم دیوبند میں خدمت تدریس انجام دی وہ عربی زبان کے کامیاب استاذ تھے میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے اور اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء کرے، دارالعلوم دیوبند اور جمعیۃ علماء ہند کو نعم البدل عطاء کرے پسماندگان، اعزا و اقارب کو صبر جمیل سے نوازے اور ان کی نگہبانی فرمائے۔
جمعیۃ علماء بہار کے صدر اور مدرسہ قاسمیہ گیا کے مہتمم مولانا قاری معین الدین احمد قاسمی کی اچانک رحلت کو صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی صدرالمدرسین دارالعلوم دیوبند نے زبردست حادثہ قراردیتے ہوئے کہا کہ قاری معین الدین احمد قاسمی دارالعلوم دیوبند کے فارغ اور مجاز شیخ الاسلام مولانا قاری فخرالدین گیاوی ؒ کے صاحبزادے اور تربیت یافتہ تھے۔ جمعیۃ علماء سے وابستگی ان کی سرشت میں داخل تھی اپنی صلاحیت کی بناء پر انہوں نے جمعیۃمیں حصہ لیا اور عہدہ صدارت تک پہنچے وہ تین ٹرم سے جمعیۃ علماء بہار کے صدر تھے۔
مولانا مدنی نے کہ اس دس پندرہ دنوں کے اندر جمعیۃ علماء بہار کو صدر وجنرل سکریٹری کی رحلت نے بڑا نقصان پہنچایا ہے، ایسے زمانہ میں جبکہ اچھے افراد کا میسرہونا بڑا مشکل نظرآتا ہے، ان دونوں افراد کا چلا جانا بہت بڑا حادثہ ہے اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے اور جماعت کو ان کا نعم البدل عطاء کرے، پسماندگان، اعزاواقارب کو صبر جمیل سے نوازے۔