مہاراشٹر میں رمضان کی گائیڈ لائن جاری، اجتماعی نماز، تراویح اور مساجد میں افطار پر پابندی

گائیڈ لائن سے مسلمانوں میں مایوسی پائی جارہی ہے خاص طور سے تاجر طبقہ بڑا پریشان ہے کیوں کہ امسال بھی سال گزشتہ کی طرح روایتی رمضان بازار نہیں لگ سکیں گے ۔
ریاست مہاراشٹر میں کوروناوائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت کی وزارت داخلہ نے رمضان المبارک کے لئےگائیڈ لائن جاری کی ہے جس کے مطابق اجتماعی نماز، نماز تراویح اور مساجدمیں افطار پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ مسلمانوں کےایک بہت بڑے طبقے نے اور علماکرام اور مسلم تنظیموں نے ریاستی حکومت سے درخواست کی تھی کہ رمضان المبارک کے دوران لگنے والے نائٹ کرفیومیں ڈھیل دی جائے اور بجائے رات آٹھ بجے سے کرفیوجاری ہونے کے اوقات میں تبدیلی کی جائے اوردس بجے سے کرفیونافذ کیاجائے تاکہ مسلمان تراویح کی نماز اداکرسکیں ۔
اس ضمن میں جمعیت علماء سمیت کئی ایک ملی تنظیموں نے بامبے ہائی کورٹ میں عرضداشت بھی داخل کی ہے اور حکومت سے درخواست بھی کی ہے کہ رمضان المبارک کے اس مہینے میں مسلمانوں کو کرفیوکے دوران رعایت دی جائے اور ان کے مذہبی فرائض کو اداکرنے کی اجازت دی جائے ۔ عدالت نے اب تک اس عرضداشت کی سماعت نہیں کی ہے اور آج سے ہی چاند نظر آنے کے بعد نماز تراویح کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
ریاستی حکومت نے جو گائیڈ لائن جاری کی ہے اس کے مطابق اس کے ساتھ ہی بھیڑبھاڑ پر قابو پانے کے لئے افطار بازاروں اور خریداری کے لئے مخصوص اوقات کا تعین کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں کورونا اصول و ضوابط پر پابندی لازمی ہے اور کورونا اصول کی خلاف ورزی پر کارروائی کا بھی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
ممبئی اور ریاست میں کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے ریاستی سرکار نے حکمنامہ میں کئی پابندیاں عائد کی ہیں مساجد کے ساتھ عوامی مقامات پر بھی بلا ضرورت نکلنے پر پابندی ہے۔ مساجد میں اجتماعی تراویح وعظ اور مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ ریاست میں کورونا کے پھیلاؤ کی شدت کی وجہ سے رمضان المبارک میں مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ مسلم قائدین کے معرفت رمضان سادگی سے منانے کے لئے بیداری مہم بھی شروع کی گئی ہے اور آن لائن مذہبی نشریات کی اجازت دی گئی ہے۔ ممبئی میں رمضان میں اسٹال لگانے کی بھی ممانعت ہے یہ گائڈ لائن ریاستی سرکارکے وزارت داخلہ نے جاری کی ہے ۔ ممبئی اور ریاست بھر میں کورونا کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ بھیڑبھاڑ کو قابو کیا جائے ۔
اس گائیڈ لائن سے مسلمانوں میں مایوسی پائی جارہی ہے خاص طورسے تاجر طبقہ بڑا پریشان ہے کیوں کہ امسال بھی سال گزشتہ کی طرح روایتی رمضان بازار نہیں لگ سکیں گے ۔ عام طور سے افطار کے سامان اسٹالوں پر ہی فروخت ہوتے ہیں اوراسٹال لگانے پر پابندی سے افطارکے سامانوں کا دستیاب ہونا بھی مشکل نظر آ رہا ہے ۔ رمضان کے آخری عشرے میں عید کی تیاری کیلئے جو بازارلگتاتھاوہ بھی اب نہیں لگ پائے گا۔