نریلہ مسجد کے جواں سال امام قاری حبیب الرحمن کا انتقال ، نماز جنازہ وتدفین کل بعد نماز ظہر بمقام مصطفی آباد

نئی دہلی: جامعہ عربیہ بیت العلوم جعفرآباد دہلی کے استاذ مولانا جمشید عالم (آبائی وطن ددری، سیتامڑھی بہار) اپنے بڑے صاحبزادے حافظ قاری حبیب الرحمن امام نریلہ مسجد دہلی کے اچانک انتقال سے گہرے صدمے میں ہیں۔ اطلاع کے مطابق آج دوپہر میں ان کا مسجد کے حجرے میں انتقال ہوگیا ، مولانا جمشید عالم نے بتایاکہ آج ہی گیارہ بجے بات چیت ہوئی سب کچھ ٹھیک ٹھاک تھا، مرحوم کی ڈیڑھ سال قبل ہی شادی بھی ہوئی تھی، ابھی کل ہی وہ اپنے وطن مالوف ددری سیتامڑھی سے دہلی واپس آئے تھے۔ وہ نہایت خوش مزاج اور ملنسار تھے، کسی سے کوئی رنجش بھی نہیں تھی ، لیکن خدا کی مرضی آج وہ اپنے حجرے میں دوپہر میں سونے گئے تو دوبارہ اٹھے نہیں ، مصلیوں نے امامت کے لیے حجرے میں جاکر دیکھا تو انھیں پایا کہ ان کی روح پرواز کرچکی ہے۔ جواں سال صاحبزادے کی مرگ ناگہانی سے مولانا جمشید عالم اور اہل خانہ کے ساتھ تمام خویش واقارب اور احباب گہرے صدمے میں ہیں ۔ ولی اللہی دار الافتا و آن لائن فتویٰ کے سربراہ و للیتاپارک واقع ایک مینارجامع مسجد کے خطیب مفتی عبد الواحد قاسمی ،مفتی اعجاز ارشد قاسمی، ڈاکٹر جسیم الدین، ڈاکٹر آصف اقبال قاسمی، مفتی عادل قاسمی، جمعیۃ علما دہلی کے جنرل سکریٹری مولانا جاوید صدیقی قاسمی، قاری احرار الحق قاسمی، قاری عبد السمیع قاسمی مفتی ارشد قاسمی وغیرہ نے مولانا جمشید عالم کے جواں سال صاحبزادے کی مرگ ناگہانی پر نہایت رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔ نماز جنازہ کل (اتوار) کو بعد نماز ظہر مصطفیٰ آباد میں ادا کی جائے گی اور یہیں مقامی قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی۔