وہاٹس ایپ صارفین کے ایک بہت اہم مسئلے کا حل نکل آیا،غلطی سے بھیجے گئے پیغام کو ڈیلیٹ کرنے کی ملے گی سہولت

نیویارک(ملت ٹائمزایجنسیاں)
بسااوقات ایسا ہوتا ہے کہ ہم نادانستہ طور پر واٹس ایپ پر کسی غلط شخص کو پیغام بھیج دیتے ہیں اور پھر کفِ افسوس ملتے رہ جاتے ہیں کیونکہ اسے ہم اپنی طرف سے تو ڈیلیٹ کر سکتے ہیں لیکن جسے بھیجا گیا ہے اس کی طرف یہ موجود رہتا ہے، تاہم اب واٹس ایپ نے صارفین کا یہ مسئلہ حل کر دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ایپلی کیشن میں ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ (Delete for Everyone)کا فیچر جلد متعارف کروا نے جا رہا ہے جس کے ذریعے آپ پیغام مکمل طور پر ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔
تاہم اس کے لیے واٹس ایپ نے کچھ شرائط بھی رکھی ہیں۔ آپ کو یہ پیغام بھیجنے جانے کے 5منٹ کے اندر اندر اور اس سے پہلے کہ موصول کنندہ اسے پڑھ لے، ڈیلیٹ کرنا ہو گا۔ اگر پیغام بھیجے ہوئے پانچ منٹ گزر گئے تو موصول کنندہ کی طرف سے یہ ڈیلیٹ نہیں کیا جا سکے گا اور اگر ابھی پانچ منٹ نہ گزرے ہوں لیکن موصول کنندہ نے پڑھ لیا ہے توبھی اسے ڈیلیٹ نہیں کیا جا سکے گا۔ ’ڈیلیٹ فار ایوری ون‘ نامی یہ فیچر تحاریر و تصاویر سمیت ہر طرح کے پیغامات پر موثر ہو گا۔ رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر آئندہ کسی بھی اپ ڈیٹ میں شامل کر دیا جائے گا۔ چنانچہ آپ بھی اس فیچر سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے اپنی واٹس ایپ ایپلی کیشن بروقت اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔