پاکستان دورہ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا، سری لنکا کرکٹ بورڈ کی تصدیق

کولمبو: سری لنکا کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ اس کی ٹیم کا پاکستان دورہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوگا۔ وہیں پاکستان حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مہمان ٹیم کو بیرون ملک سے آنے والے سربراہان کی مانند ہی سیکورٹی مہیا کرائے گی۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ (ایس ایل سی ) سیکرٹری موہن ڈی سلوا نے کہاکہ سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر نے پاکستان حکومت کی جانب سے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کو اسی سطح کی سیکورٹی مہیا کرائیں گے جو قومی قائدین کو دی جاتی ہے۔

گذشتہ ہفتے سری لنکا کی ٹیم پر ممکنہ دہشت گردانہ حملے کی خبروں کے بعد اس دورے کو لے کر شک پیدا ہو گیا تھا۔ سری لنکا وزیر اعظم کے دفتر کو اس حملے کے سلسلے میں انٹیلی جنس جانکاری ملی تھی اور سری لنکا کی حکومت نے نئے سرے سے پاکستان میں سیکورٹی کا جائزہ لینے سے انکار کر دیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس کے بعد سری لنکا کی حکومت کو اعلی سطح کی سلامتی کا بھروسہ دیا تھا۔ایس ایل سی نے ایک بیان جاری کرکے بتایا کہ اس کے وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں اس کی قومی ٹیم پر حملے کے سلسلے میں اسے کوئی انٹیلی جنس اطلاع نہیں ملی ہے۔

ایس ایل سی نے کہا کہ وہ سیکورٹی جائزے کے نتائج سے مطمئن ہے اور اس دورے کے لیے مصروف عمل ہے۔ اس دوران پی سی بی کے چیئرمین احسان منی نے اس ماہ کے آخرمیں اس دورے کے میچوں کو کسی غیر جانبدار مقام پر منتقل کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

یہ سریز پاکستان کی ایک دہائی میں اس کی سر زمین پر سب سے طویل دو طرفہ سریز ہوگی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ون ڈے جبکہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹی -20 میچ کرائے جائیں گے۔