کسان (نظم)

اے کسانو! دیش کی تم آن وبان وشان ہو
اے کسانو! دیش کی تم جان ہو پہچان ہو

یہ ہری کھیتی، ہرے پودے، ہرے رنگ چمن
تم سے ہیں آباد یہ کہسار یہ کوہ و دمن
خوں پسینے سے بہت سینچا ہے یہ صحن چمن
تم اگر آباد ہو ، آباد ہیں گنگ و جمن

تم سدا پھولو پھلو ، آباد یہ کھلیان ہو
اے کسانو! دیش کی تم آن وبان وشان ہو

چیر کر دھرتی کا سینہ بیج بوتے ہو سدا
دھوپ کی شدت، تپش سورج کی سہتے ہو سدا
سینچتے ہو اپنے کھیتوں کو ندی نالے سے تم
اپنی ہمت اور طاقت سب لگاتے ہو سدا

دیش کے بھارت رتن ہو، ناز ہندوستان ہو
اے کسانو دیش کی تم آن وبان وشان ہو

موسم سرما میں، کالی اور ٹھٹھرتی رات میں
آب و دانہ کے لئے محنت کرو برسات میں
سنسناتی تیز لہریں اور ہوا طوفان کی
کام کرتے ہو سدا مشکل بھرے حالات میں

تم حقیقت میں صحیح بلوان ہو دھنوان ہو
اے کسانو! دیش کی تم آن وبان وشان ہو

تیری محنت سے ہرا ہے لہلہاتا گلستاں
ناز کرتے ہیں تجھی پر یہ زمین و آسماں
پھول،کلیاں، چاند، تارے، شبنم و رنگ چمن
تیرے دم سے ہیں بہاریں اور یہ باد خزاں

تم چمن کے باغباں ہو، دیش کا سمان ہو
اے کسانو دیش کی تم آن وبان وشان ہو

تیری محنت کا ہے پھل سارے ہی ہندوستان میں
روشنی بکھری ہے ہر سو کھیت میں کھلیان میں
باغ میں کویل کی کوکو اور چڑیوں کی چہک
دیکھ خوشیوں کا ہے منظر ہر طرف میدان میں

تم سبھی پیر و جواں کی اک حسیں مسکان ہو
اے کسانو! دیش کی تم آن وبان وشان ہو

جاں ہتھیلی پر لیے تم شوق سے آگے بڑھو
وقت کی سرکار سے پوری سبھی مانگیں کرو
ہو کے بے خوف و خطر سب باندھ لو سر سے کفن
ظلم کے آگے نہ جھک کر تم کبھی باتیں کرو

ہے دعا صادق کی سب کی مشکلیں آسان ہو
اے کسانو دیش کی تم آن وبان وشان ہو

صادق طاہر قاسمی ندوی کبیر نگری
(ریاض سعودی عرب)

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں