گجرات: کیمیکل فیکٹری میں زبردست دھماکہ کے بعد آتشزدگی، 24 افراد زخمی

پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو انکلیشور اور وڈودرا کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ کچھ متاثرین ابھی بھی زیر علاج ہیں جبکہ دیگر کو معائنہ کے بعد چھٹی دے دی گئی ہے۔
بھروچ: گجرات کے ضلع بھروچ میں جھگڑیا کے نزدیک کیمیکل تیار کرنے والی ایک فیکٹری میں آج صبح ہوئے دھماکے اور اس کے بعد لگی آگ سے 24 سے زائد ورکر زخمی ہوگئے۔ الصبح دو بجے یو پی ایل 5 کیمیکل فیکٹری میں زور دار دھماکہ ہوا تھا اس کی آواز آس پاس کے تقریبا ً10 کلو میٹر تک سنائی دی۔
اس واقعہ میں کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں کو انکلیشور اور وڈودرا کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ کچھ متاثرین زیر علاج ہیں جبکہ دیگر کو معائنہ کے بعد چھٹی دے دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جائے وقوع پر فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں بھیجی گئیں اور صبح کے تقریباً ساڑھے چھ بجے قابو پالیا گیا۔ عہدیدار نے بتایا کہ یونٹ کے احاطہ انتہائی گرم ہو جانے کی وجہ سے ریسکیو کاموں میں مصرفف لوگ فیکٹری کے اندر نہیں جا سکے، لیکن وہ اب اندر جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔