’’یوم جمہوریہ کسی کی جاگیر نہیں، جو ٹریکٹروں کو روکے گا اس کا علاج کریں گے‘

کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے اپنے ایک بیان میں عزم ظاہر کیا ہے کہ ’’کسان دہلی آئیں گے، سڑکوں پر ٹریکٹر چلائیں گے۔ ہم کسان زرعی قوانین کے خلاف 26 جنوری کو دہلی میں ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔‘‘
مودی حکومت کے ذریعہ لائے گئے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کی تحریک کسی بھی صورت مدھم پڑتی ہوئی معلوم نہیں دے رہی ہے۔ مرکزی حکومت کے بعد اب دہلی پولس کے ساتھ کسانوں کی میٹنگیں بھی بے نتیجہ ہی ثابت ہو رہی ہیں۔ ان سب کے درمیان پورے ملک کی نگاہیں 26 جنوری پر مرکوز ہیں، جس دن کسانوں نے ٹریکٹر ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ 26 جنوری کے موقع پر کسانوں کے ذریعہ نکالی جانے والی ٹریکٹر ریلی کو لے کر دہلی پولس دہشت میں ہے اور کسی بھی طرح اس ریلی کو کینسل کرانے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے۔
اس درمیان بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے’’دہلی خبردار! اس کا علاج کر دیں گے جو ٹریکٹروں کو روکے گا۔‘‘ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راکیش ٹکیت نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’کسان دہلی آئیں گے، سڑکوں پر ٹریکٹر چلائیں گے۔ ہم کسان اس قانون کی مخالفت میں 26 جنوری کو دہلی میں ٹریکٹر ریلی نکالیں گے۔‘‘ اس سلسلے میں بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے دہلی کو متنبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ’’اس کا علاج کر دیں گے جو ٹریکٹر کو روکے گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ہمیں پتہ ہے کہ کمیٹی کیا رپورٹ دے گی، کمیٹی قانون کو اچھا بتائے گی، 10 لوگوں کے نام لکھے گی اور قانون کو فائدہ مند بتائے گی۔‘‘
راکیش ٹکیت نے ٹریکٹر مارچ کو لے کر اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’’ٹریکٹر مارچ کو کون روکے گا؟ پولس تو ترنگا جھنڈا لے کر ٹریکٹر کو سیلیوٹ کرے گی۔ ملک کو یوم جمہوریہ منانے کا حق ہے۔ کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے یوم جمہوریہ۔ یوم جمہوریہ ہندوستان کا کسان منائے گا، دنیا کی سب سے بڑی پریڈ نکلے گی۔ کسان آئے گا یہاں دہلی میں، کون روکے گا کسانوں کو، اگر کسی نے ٹریکٹر کو روکا تو اس کے پر کتر دیے جائیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ آج کسان تنظیموں کی دہلی پولس کے ساتھ میٹنگ بے نتیجہ ہی ختم ہو گئی۔ دراصل کسان چاہتے ہیں کہ ٹریکٹر ریلی 26 جنوری کو راجدھانی دہلی کے اندر آؤٹر رِنگ روڈ پر نکالی جائے، لیکن پولس کا کہنا ہے کہ کسان ٹریکٹر ریلی دہلی کے اندر نہ کر کے کہیں باہر کر لیں۔ پولس نے ریلی کے لیے ’کے ایم پی‘ کے راستے کی تجویز دی۔ لیکن پولس کے اس مشورہ کو کسان ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ اس درمیان کسان لیڈر یوگیندر یادو نے بھی صاف کر دیا ہے کہ ریلی 26 جنوری کو دہلی کے اندر ہی ہوگی۔