پروگرام کی صدارت پروفیسر شارب رودلوی کریں گے ، ملک بھر سے ممتاز ادباء شعراء اور صحافی کر رہے ہیں شرکت
لکھنؤ (پریس ریلیز ؍ملت ٹائمز)
عالمی شہرت یافتہ شاعر و ادیب پروفیسر ملک زادہ منظور احمد سابق قومی صدر کل ہند رابطۂ کمیٹی کی آئندہ ۲۲؍اپریل کو آنے والی پہلی برسی کے موقع پر سماجی و ادبی تنظیم ،،ادب کلچر اینڈ ویلفیئر سوسائٹی نے مرحوم کے اہل خانہ اور شیدائیان ملک زادہ منظور احمد سے باہم صلاح و مشورہ کے بعد ایک اہم سیمینار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ،،ملک زادہ منظور احمد ایک شخص اور شخصیت ،،کے عنوان پر عظیم الشان یک روزہ سمینار کا انعقاد آئندہ 22اپر یل بروز ہفتہ شام ساڑھے پانچ بجے ممتاز پوسٹ گریجویٹ کالج ڈالی گنج کیا جائے گا،جس کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئی ہیں۔یش بھارتی ایوارڈ یافتہ ممتاز ادیب و صحافی پروفیسر شارب رودلوی کی صدارت میں ہونے والے اس اہم سیمنار میں مہمان ذی وقار کی حیثیت سے سابق ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل اترپردیش ظفریاب جیلانی شرکت کرینگے ۔جبکہ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مہتمم مولاو ڈاکٹر سعید الرحمن اعظمی ، خواجہ معین الدین چشتی عربی و فارسی یونیورسٹی کے وائس چانسلر مسعود خان ، انٹیگرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر سید وسیم اختر ، معروف ناظم مشاعرہ و ادیب انور جلالپوری ، سابق ڈی جی پی اتر پردیش رضوان احمد ، ممتاز صحافی معصوم مرادآبادی ، صدر شعبۂ اردو لکھنؤ یونیورسٹی ڈاکٹر عباس رضا نیر ،یش بھارتی اعزاز یافتہ ڈاکٹر انور صبیحہ انور ، معروف افسانہ نگار سلمی حجاب ، سابق صدر شعبۂ عربی لکھنؤ یونیورسٹی ڈاکٹر شبیر احمد ندوی ، مسلم مجلس مشاورت اترپردیش کے صدر انیس انصاری ، معروف افسانہ نگار ڈاکٹر رخسانہ نکہت لاری ،بطورمہمان خصوصی شرکت کرینگے۔اس تاریخی اور اہم سیمینار کی نظامت پرویز ملک زادہ معاون مدیر ماہنامہ بزم امکان اور ڈاکٹر عمیر منظر مشترکہ طور پر کرینگے ۔ انکے علاوہ ملک کی ممتاز عصری تعلیم گاہوں سے وابستہ محبان اردو اور چوٹی کے ادباء ، شعراء و صحافی حضرات شرکت کر رہے ہیں ،اس سلسلے میں پروگرام کے کنوینر سعید ہاشمی نے بتایا کہ پروفیسر ملک زادہ منظور احمد کی پہلی برسی پر ہونے والے اس سیمنار کو تاریخی اور یادگار بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش جاری ہے ، اور پروگرام کی کامیابی کو لیکر اعلی پیمانے پر تیاریاں شروع کردی گئی ہیں ۔انہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے ارباب شعرادب اور ملک زادہ منظور احمد کے شیدائیوں سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔