عالم اسلام کو اکابرین کے علوم و معارف سے متعارف کرایا جائے : علماء حجۃ الاسلام اکیڈمی کے زیر اہتمام حکیم الاسلام قاری طیبؒ صاحب اور مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کی کتابوں کا اجرا

دیوبند: (ملت ٹائمز؍سمیر چودھری)
دارالعلوم وقف دیوبند کے شعبہ بحث و تحقیق حجۃ الاسلام اکیڈمی کی چار اہم مطبوعات کی رسم رونمائی ادارہ میں منعقد پروقار تقریب میں عمل میں آئی، جس میں سے حضرت حکیم الاسلامؒ کی معرکۃ الآراء تصنیف ’’التشبہ فی الاسلام‘‘ کا عربی ترجمہ ہے جس کاعربی ترجمہ ادارہ کے استاذ مولانا نوشاد نوری نے انجام دیا ہے، دوسری کتاب حضرت حکیم الاسلامؒ کی اہم اور مقبول تصنیف ’’اسلام اور فرقہ واریت‘‘ کا انگریزی ترجمہ ہے، اس کتاب کا مولانا جاوید قاسمی استاذ الحق ایجوکیشنل کانپور نے انگریزی زبان میں ترجمہ کیا ہے، تیسری کتاب ’’حضرت حکیم الاسلامؒ کا سفرنامہ برما‘‘ ہے، جسے خطیب الاسلام حضرت مولانا محمد سالم قاسمی نے مرتب فرمایا تھا، یہ کتاب چونکہ نایاب ہوچکی تھی اس لئے حجۃ الاسلام اکیڈمی نے جدید اسلو ب کے مطابق اس کتاب کی اشاعت کی ہے، چوتھی کتاب ’’اسلامی زندگی‘‘ ہے جو دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ مولانا نسیم اختر شاہ قیصر کے ان اہم علمی مقالات و مضامین کا مجموعہ ہے جو ماہنامہ ’’ندائے دارالعلوم‘‘ میں بالاقساط شائع ہوچکے ہیں، ان چاروں کتابوں کی رونمائی گزشتہ روز یہاں علماء کے ہاتھوں عمل میں آئی۔اس موقع پر مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے فرمایا کہ اکابرین کے مضامین اور ان کے نکات آفریں بیانات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں اور علماء دیوبند کی گراں قدر تصنیفات و تالیفات علم و ادب کی عظیم شاہکار ہے، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ اکابرین کے علوم معارف کی موجودہ مروجہ زبان و بیان میں تشریح، توضیح و تسہیل کا فریضہ انجام دے کر عالم اسلام کو اکابرین دیوبند کے علوم و معارف سے متعارف کرایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ تحقیق و تصنیف اور تالیف کے باب میں حجۃ الاسلام اکیڈمی جس انداز میں سرگرم عمل ہے وہ قابل مبارکباد ہے۔شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے کہا کہ حجۃ الاسلام اکیڈمی کا یہ تصنیفی تسلسل تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے،موجودہ نازک حالات میں اکابرین کے نکات آفریں بیانات کی روشنی میں ان تعلیمات کو سمجھا جائے اور پھر اپنے مطالعہ اور فکری تعمق کی بناء پر اسے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق تطبیق دیا جائے۔ دارالعلوم وقف دیوبند کے استاذ حدیث مفتی محمد احسان قاسمی نے حجۃ الاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا محمد شکیب قاسمی کی محنتوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور کہاکہ موجودہ دور میں اپنی معلومات کو قرطاس و قلم کے حوالے کرنا ایک بڑا کاز ہے۔ حجۃ الاسلام اکیڈمی کے ڈائریکٹر مولانا محمد شکیب قاسمی نے چاروں مطبوعات کا مفصل تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مطبوعات حجۃ الاسلام اکیڈمی کے اپنے مقاصد کی جانب بڑھتے قدم کا ایک حصہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ اکیڈمی کا علمی سفر ابھی رکا نہیں ہے بلکہ عنقریب اکیڈمی اپنی مزید مطبوعات پیش کرے گی۔ اس موقع پراساتذہ و طلباء موجودرہے۔