ریاض(ملت ٹائمز)
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بھائی شہزادہ مشعل بن عبدالعزیز بدھ کے روز انتقال کر گئے ہیں۔ان کی عمر93 برس تھی۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے نے شاہی دیوان کا ایک بیان نقل کیا ہے۔اس کے مطابق مرحوم شہزادہ مشعل کی نماز جنازہ جمعرات کو نماز عشاء کے بعد مسجد الحرام ( مکہ مکرمہ) میں ادا کی جائے گی۔شہزادہ مشعل شاہی خاندان کے 28 ارکان پر مشتمل بیعت کونسل کے چیئرمین تھے۔ سعودی عرب کے مرحوم فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے سنہ 2006ء میں شہزادوں پر مشتمل یہ کونسل تشکیل دی تھی۔سعودی بادشاہ کے انتقال کی صورت میں اس کے جانشین ، ولی عہد اور نائب ولی عہد کا انتخاب یہی کونسل کرتی ہے۔سعودی شہریوں نے سوشل میڈیا پر شہزادہ مشعل کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے تعزیت کے لیے ٹویٹر پر ایک ہیش ٹیگ بھی شروع کیا ہے۔اس پر سعودی اپنے اپنے تعزیتی بیانات جاری کررہے ہیں۔