ملت کی ترجمانی کرنے والے اخبارات کو صدقہ اور عطیہ کی رقم دینی چاہیے : ناظم امارت شرعیہ

پٹنہ (ملت ٹائمز ۔ محمد قیصر صدیقی )

ملت اور قوم کی ترجمانی کے جذبے سے سرشار ہو کر جو اخبارات نکالے جارہے ہیں انہیں صدقہ اور و عطیہ کی رقم دینی چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار معروف عالم دین اور امارت شرعیہ کے ناظم مولانا انیس الرحمن قاسمی نے ای ٹی اردو کے خاص پروگرام افطار ٹائم میں کیا۔
مولانا انیس الرحمن قاسمی نے ای ٹی اردو کے پروگرام میں فون کے ذریعے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ صدقہ اور عطیہ کی رقم اخبارات کو دی جاسکتی ہے ۔ دراصل دہلی سے نسیم نام کے ایک شخص نے پوچھا تھا کہ جس طرح اہل مدارس اور مختلف تنظیموں کے نمائندے زکاۃ کی رقم وصول کرتے ہیں، کیا اسی طرح زکاۃ کی رقم ملت اور قوم کی ترجمانی کرنے والے اخبارات کو دی جاسکتی ہے کیونکہ جس طرح ان دنوں مدارس کی ضرورت ہے اسی طرح مسلم میڈیا ہاؤس کا قیام بھی اشد ضرورت ہے ۔ اس کے جواب میں مولانا نے کہا کہ زکاۃ کی رقم نہیں دی جاسکتی ہے البتہ صدقہ اور عطیہ کی رقم دی جاسکتی ہے ۔
ہم آپ کو بتادیں کہ آج یعنی 30 مئی کو ای ٹی وی اردو کے خاص پروگرام افطار ٹائم میں ناظم امارت شرعیہ مولانا انیس الرحمن قاسمی رمضان اور روزہ کے فضائل و مسائل کے بارے میں اینکر محفوظ عالم کے ساتھ پٹنہ اسٹوڈیو میں خصوصی گفتگو کررہے تھے ۔