قطر کے ساتھ اسلحہ فروخت کا معاہدہ مکمل ہونے کے بعد امریکہ کا اور ایک خطرناک اقدام ،سعودی عرب کیلئے خطرے کی گھنٹی

نیویارک(ملت ٹائمز)
سعودی عرب کے ساتھ تنازعے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے بھی قطر کو دہشت گردوں کی حمایت کا موردالزام ٹھہرا دیا تھا لیکن اگلے ہی ہفتے اسے اربوں روپے کا اسلحہ فروخت کرنے کا معاہدہ کر ڈالا، اور اب ایک اور ایسا کام کر ڈالا ہے کہ سعودی عرب سمیت قطر کا ناطقہ بند کرنے والے عرب ممالک کے ہوش اڑ جائیں گے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اب قطری فوج کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقیں کرنے کے لیے دو امریکی بحری بیڑے بھی دوحہ پہنچ گئے ہیں۔
الجزیرہ کے مطابق امریکی بحری بیڑوں کی دوحہ آمد کی خبر قطر نیوز ایجنسی نے دی ہے۔ ایجنسی کے مطابق یہ جہاز اسی روز دوحہ پہنچنے جس روز امریکہ اور قطر کے درمیان12ارب ڈالر کا معاہدہ ہوا جس کے تحت امریکہ قطر کو ایف 15لڑاکا طیارے فروخت کرے گا۔ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ آیا امریکی بیڑوں کی آمد پہلے سے طے شدہ تھی یا خلیجی ممالک میں جاری چپقلش کی وجہ سے انہیں قطر آنا پڑا اور یہ پینٹاگون کی طرف سے قطر کی حمایت کا اشارہ ہے۔ قطر میں امریکہ کا مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا فوج اڈہ ’العدید‘ بھی موجود ہے جہاں اس کے 11ہزار فوجی تعینات ہیں۔اس اڈے سے امریکی فوج کے 100سے زائد جنگی جہاز آپریٹ کرتے ہیں۔