دلچسپ ہوگا صدارتی چناﺅ، مردو زن کے درمیان مقابلہ، حقوق نسواں کی بات کرنے والی این ڈی اے نے رام ناتھ کو بنایا اپنا امیدوار

 نئی دہلی(ملت ٹائمز)

ہندوستان کے 14 ویں صدر کے طور پر مرکز میں حکمراں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) بہار کے موجودہ گورنر رام ناتھ کووند کو دیکھنا چاہتی ہے، اور اتحاد کے امیدوار کے طور پر ان کے نام کا اعلان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر امت شاہ نے پارٹی کے سینئر لیڈروں کی ایک میٹنگ کے بعد کردیا ہے ، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی بھی شامل تھے۔
دلت لیڈر رام ناتھ کووند ایک کسان خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، اور سیاسی دنیا میں داخل ہونے سے پہلے طویل عرصے تک وکیل کے طور پر بھی فعال رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے رام ناتھ کووند کے نام کا اعلان ہو جانے کے بعد کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ سے بھی بات کی، اور این ڈی اے امیدوار کے لئے حمایت مانگی، بتایا جاتا ہے کہ رام ناتھ کوند کا نام منظر عام پر لانے سے قبل بی جے پی نے پارٹی کے قدآور لیڈران لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی کو بھی ان کے منتخب ہونے کی معلومات دی۔
ویسے، وزیر اعظم نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر رام ناتھ کا تعارف دیتے ہوئے ایک پوسٹ بھی کیا، انہوں نے لکھا، ”مسٹر رام ناتھ کووند، ایک کسان کے بیٹے، سادہ پس منظر سے آتے ہیں، انہوں نے اپنی زندگی سماجی خدمت کے لئے وقف کر دیا اور غریبوں اور حاشیہ پر ڈال دیئے طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا“
دوسری جانب بی جے پی صدر کے این ڈی اے کی جانب سے صدارتی امیدوار کے نام کا اعلان کرنے کے بعد اپوزیشن میں بھی ہلچل کافی بڑھ گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ این ڈی اے کے دلت امیدوار کے جواب میں اپوزیشن بھی دلت کارڈ کھیل سکتی ہے ، ٹی وی رپورٹس کے مطابق یو پی اے کی جانب سے سابق لوک سبھا اسپیکر میرا کمار کو امیدوار بنایا جا سکتا ہے، اگرچہ سرکاری طور پر ابھی تک کوئی اعلان نہیں ہوا ہے، تاہم میڈیا میں یہی خبریں چل رہی ہیں ۔
واضح رہے کہ میرا کمار کا بھی تعلق بہار سے ہے اور یوپی اے حکومت میں وہ لوک سبھا اسپیکر رہ چکی ہیں۔