پٹنہ میں ملی تنظمیوں کی جانب سے عید ملن تقریب ،نتیش کمار چھائے رہے ،لالوپرساد اور ان کے بیٹے نظر انداز

پٹنہ(ملت ٹائمزاشفاق ساقی)
ملی تنظیموں کی جانب سے عید ملن تقریب کا سلسلہ شروع ہوگیاہے ،آج عید کے تیسرے روز پٹنہ میں دوملی تنظیموں کی جانب سے عید ملن تقریب منعقد کی گئی جس میں ملی رہنماﺅں کے ساتھ سیاسی رہنماﺅں اور بطور خاص بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے شرکت کی اور اقلیتوں کے خلاف جاری مظالم کی مذمت کی ۔
پٹنہ میں آج جمعیة علماءہند گروپ (الف ) کی طرف سے انجمن اسلامیہ ہال میں عید ملن تقریب منعقد کی گئی جس میں جمعیة کے قومی صدر مولانا سید ارشدمدنی صاحب ،امارت شرعیہ بہار کے ناظم مولانا انیس الرحمن قاسمی اور بہار جمعیة کے ذمہ دار حسن احمد قادری سمیت متعدد ملی رہنماﺅں نے شرکت کی ،اس موقع پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے شریک رہے ۔
دوسری جانب ادارہ شرعیہ کی جانب سے بھی آج عید ملن تقریب منعقد کی گئی جس میں نتیش کمار نے شرکت کی اور ادارہ شرعیہ کے سربراہ مولانا غلام رسول بلیاوی نے وزیر اعلی کا پرتپاک استقبال کیا ۔خبروں کے مطابق دونوں تقریب میں ملی رہنماﺅں نے نتیش کمار کے سیاسی موقف کی تائید کی ہے ۔
عید ملن تقریب کی خاص بات یہ رہی کہ دونوں جگہ پر وزیر اعلی نتیش کما ر چھائے رہے ،سابق وزیر اعلی اور آرجے ڈی کے صدر لالوپرساد یادو کہیں نظر نہیں آئے نہ بہار کے نائب وزیر اعلی تیجسوی یاد کسی تقریب میں دکھے ۔
واضح رہے کہ نتیش کمار کے حالیہ چند اقدامات سے سیاسی ماہرین یہ اندازہ لگارہے ہیںکہ وہ لالو کا ساتھ چھوڑ کر بی جے پی سے ہاتھ ملاسکتے ہیں ،صدرجمہوریہ کے انتخاب میں بھی نتیش کمار کی پارٹی نے این ڈی اے کے امیدوار رام ناتھ کووند کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ہم آپ کو بتادیں کہ آج مولانا محمود مدنی کی جمیعة کی بھی پٹنہ میں عید ملن تقریب منعقد ہونے والی تھی لیکن گذشتہ دنوں نے حافظ جنید کی دردناک شہادت کے واقعہ کے بعد دہلی سمیت تمام صوبوں میں ان کی جمعیت نے عید ملن تقریب کی منسوخی کا اعلان کردیا۔