جس دن ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کاغذ پر دستخط کئے اسی دن ایٹم بم چلاکر امریکہ کو آگ کا سمندر بناڈالیں گے‘ امریکہ کو تاریخ کی خوفناک ترین دھمکی

پیانگ یانگ (ملت ٹائمزایجنساں)
امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے صدارت سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ اب شمالی کوریا نے جس روز نیا ایٹمی تجربہ کیا، اس پر حملہ کر دیا جائے گا۔ اس دھمکی کے بعد شمالی کوریا کئی تجربات کر چکا ہے لیکن اب تک امریکہ کو اس پر حملے کی جر?ت نہیں ہو سکی اور ایک بار پھر وہ پرانے حربے کی طرف لوٹ رہا ہے، یعنی معاشی پابندیوں کی طرف۔ تاہم اس حربے پر عملدرآمد کی صورت میں اسے شمالی کوریا کی طرف سے ایک سنگین دھمکی دے دی گئی ہے۔ ڈیلی سٹار کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے ایک سرکاری اخبار نے اپنی رپورٹ میں امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ ”جس روز ڈونلڈٹرمپ نے شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کی دستاویز پر دستخط کیے ہم اسی روز امریکہ پر ایٹمی حملہ کر دیں گے اور اسے آگ کے سمندر میں بدل دیں گے جس کا وہ تصور بھی نہیں کر سکتا۔“
اخبار نے آرٹیکل میں مزید لکھا ہے کہ ”شمالی کوریا کے متعلق امریکہ کی خطرناک پالیسی کے انجام میں امریکہ کے پاس اپنی ہی تباہی کے سوا کوئی راستہ باقی نہیں رہے گا۔ٹرمپ گینگ جتنا ہمیں ڈرانے کی کوشش کرتا ہے اتنا ہی ہماری فوج اور عوام اوپر اٹھتے ہیں اور شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیار بنانے کا اتنا ہی بڑا جواز ملتا ہے۔ ہمارے عوام ایک خوفناک جنگ دیکھ چکے ہیں اور آئندہ ایسے کسی ممکنہ واقعے کے لیے طاقتور جنگی حکمت عملی ان کی اولین ترجیح ہے۔“