دنیا کا سب سے مطلوب اسمگلر ایک مرتبہ پھر گرفتار

میکسیکو،9؍جنوری(آئی این ایس انڈیا)
میکسیکو کی سکیورٹی فورسز نے اسمگلنگ کی دنیا کے انتہائی مطلوب فرد اور ڈان کو تیسری مرتبہ گرفتار کر لیا ہے۔ وہ چھ ماہ قبل میکسیکو کی انتہائی سکیورٹی والی جیل سے سرنگ لگا کر فرار ہو گیا تھا۔منشیات کی دنیا کے اہم ترین اسمگلر اور ڈان ژواقین گُزمان لوئیرا عرف الچاپو کو ایک مرتبہ پھر گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد اُسے ہیلی کاپٹر پر سوار کر کے واپس اُسی الٹی پلانو جیل لایا گیا، جہاں سے وہ فرار ہوا تھا۔ ہیلی کاپٹر پر سوار کرتے وقت اُس کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے تھے اور دو میکسیکن کمانڈوز اُس کے دائیں اور بائیں چل رہے تھے۔ میکسیکو کے اٹارنی جنرل ارلی گومیز نے الچاپو کی گرفتاری کے بعد الٹی پلانو کی جیل منتقلی کی تصدیق کر دی ہے۔ میکسیکو کے صدر نے بھی اِس اہم اسمگلر کی گرفتاری پر مشن مکمل ہو گیا کا ٹویٹ کیا تھا۔ اب اُس کو امریکا کے حوالے کرنے کی عدالتی کارروائی جلد شروع ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
وہ تقریباً چھ ماہ قبل گیارہ جولائی سن 2015 کو سخت سکیورٹی کی حامل الٹی پلانو جیل میں سترہ مہینے گزارنے کے بعد ایک سرنگ کے ذریعے فرار ہو گیا تھا۔ وہ بندرگاہی شہر سان موچیس میں کمانڈوز کے چھاپے کے بعد گرفتار کیا گیا۔ اِس چھاپے کے وقت فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ اِس مقابلے میں اُس کے پانچ وفادار ہلاک بھی ہوئے۔ الچاپو اسمگلنگ گروپ سینالوا کارٹل کا سربراہ ہے اور امریکا نے اُس کے سر کی قیمت پانچ ملین ڈالر مقرر کر رکھی ہے۔
چھ ماہ قبل جیل سے فرار ہونے کے بعد میکسیکن پولیس اور خفیہ اداروں نے اُس کی تلاش کا فوکس اُس کے آبائی علاقے کو کر رکھا تھا۔ گزشتہ ایک ماہ سے سکیورٹی حلقے، اُس کے آبائی گھر کی خفیہ نگرانی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ حکام کے مطابق اُس کی گرفتاری میں اُس کی اپنے بارے میں فلم بنانے کی خواہش نے بھی معاونت کی۔ وہ اِس فلم کے لیے کئی اداکاروں اور پروڈیوسروں کے ساتھ رابطے میں تھا۔ گزشتہ برس اکتوبر میں وہ میکسیکو کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں گرفتار ہونے کے قریب تھا کہ اُس کے ساتھی اُسے لے کر فرار ہو گئے۔ پہاڑی علاقے میں گرنے سے اُس کی ٹانگ اور چہرے پر چوٹیں بھی آئی تھیں۔
گزمان کو پہلی مرتبہ سن 1993 میں گوئٹے مالا میں گرفتار کر کے میکسیکو حکام کی تحویل میں دیا گیا تھا۔ آٹھ برس بعد وہ سن 2001 میں جیل کے بعض ملازمین کو بھاری رشوت دے کر کپڑے دھونے والی ریڑھی میں چھپ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا تھا۔ تیرہ برس بعد وہ دوسری مرتبہ بائیس فروری سن 2014 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اُس وقت وہ اپنی بیوی اور جڑواں بیٹیوں کے ہمراہ تھا۔ وہ عام لوگوں میں شارٹی کے نام سے مشہور ہے۔ میکسیکو کی انڈر گراؤنڈ دنیا میں وہ ایک لیجنڈ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور نائٹ کلبوں میں اُس کی شان میں گیت گائے جاتے ہیں۔ عام لوگوں کا خیال ہے کہ شارٹی لوٹ کے پھر آئے گا

SHARE