اسلام آباد،9؍جنوری(آئی این ایس انڈیا)
پاکستانی وزیر اعظم اور فوج کے سربراہ نے گزشتہ ہفتے بھارتی ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کی تحقیقات میں بھارت کا بھرپورساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔جمعے کو اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کے دفتر سے شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا،اس میٹنگ کے شرکاء نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ فوج کی طاقتور انٹر سروسز انٹیلی جنس آئی ایس آئی کے سربراہ رضوان اختر، اور کئی اعلٰی سویلین اور فوجی حکام بھی شریک تھے۔پاکستانی حکام کی طرف سے ان بیانات کے سامنے آنے سے ایک روز پہلے ہی بھارت نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اُن عسکریت پسندوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کُن کارروائی کرے جن پر نئی دہلی حکومت کی طرف سے گزشتہ ویک اینڈ پر بھارت کے فوجی اڈے پر ہونے والے دہشت گرد انہ حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
گزشتہ منگل کو بھارتی حکام کی طرف سے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کی معلومات مہیا کیے جانے پر پاکستانی وزیرِاعظم نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو حملے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا تھا۔ اس حملے میں سات بھارتی فوجی اہلکار ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ بھارت کا کہنا ہے کہ اُس نے پاکستان کو اس سلسلے میں خصوصی اور قابل گرفت معلومات فراہم کی ہیں۔
پاکستانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے تازہ ترین بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھارت سے ملنے والی معلومات پر نظر ثانی کی گئی ہے اور اس سلسے میں بھارت کے سات مسلسل رابطہ قائم ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کے بعد سے پیدا ہونے والے تناؤ کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے مابین خارجہ سیکرٹری سطح کے مجوزہ مذاکرات کے عمل میں آنے کے امکانات پر مختلف حلقوں کی طرف سے سوالات اُٹھائے جا رہے ہیں۔ یہ ملاقات رواں ماہ کی چودہ اور پندرہ تاریخ کو اسلام آباد میں طے ہے۔
دریں اثناء گزشتہ پیر کو پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ دونوں ممالک کو مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے کا عزم دکھانا ہوگا۔اُدھر بھارتی حکومت کے ایک ترجمان وکاس سواروپ نے جمعرات کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا تھا، خارجہ سیکرٹریوں کی مجوزہ ملاقات کا دارومدار اب پاکستان کی طرف سے نئی دہلی سے ملنے والی معلومات کے جواب پر ہوگا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پٹھان کوٹ پر حملے کے بعد پاکستان کی طرف سے سرکاری سطح پر جو ردعمل سامنے آیا ہے اس سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ پاک بھارت خارجہ سیکرٹریوں کی بات چیت تعطل کا شکار نہیں ہو گی۔وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور اُن کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی دونوں ہی اپنی باہمی کوششوں سے اُس دوطرفہ مکالمت کو از سر نو شروع کرنے کی تمام تر کوشش کر رہے ہیں جس کا اعلان گزشتہ ماہ کیا گیا تھا۔