ممبئی،۲۱/اگست:(پریس ریلیز): ایک ایسے وقت میں جب کہ بہارکے لاکھوں لوگ خطرناک سیلاب سے بے حال ہیں اور کھلے آسمان تلے کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں،مر کز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر،ممبئی نے سیلاب زدہ لوگوں کی مدد کے لئے فی الوقت بہار کے چار اضلاع ارریہ،پورنیہ،مدھوبنی اور چمپارن میں ریلیف کٹس کے ذریعہ راحت رسانی کا کام بڑے پیمانے پر شروع کردیا ہے۔اشیائے خوردو نوش پر مشتمل دس کیلو کا یہ کٹ اب تک سات سو فیملی کو فراہم کردیا گیا ہے اور بے پناہ نقصان کو دیکھتے ہوئے امدادی کام کو سلسلہ وار دراز کرنے کا فیصلہ لے لیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اجمل CSR کی ذیلی تنظیم مر کز المعارف نے آسام کے مشہورِ زمانہ سیلاب سے بُری طرح متا ئثرہونے والوں کے لئے گزشتہ ایک مہینے سے جنگی پیمانے پر رفاہی کام شروع کر رکھا ہے،جس میں اب تک پچیس ہزار خاندانوں کو فوڈ پیکٹ کے علاوہ مچھر دانی،ضروری برتن وغیرہ فراہم کیا گیا ہے۔حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اجمل CSRکے چیئر مین حضرت مولانا بدر الدین اجمل القاسمی از خود متا ئثرین تک پہونچ کر ان کی دادرسی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

مرکز المعارف ا یجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر مولانا محمد بر ہان الدین قاسمی نے اپنے پریس نوٹ میں بتلایا کہ بہار میں اسقدر نقصان ہوا ہے کہ اس کا تخمینہ لگا نا بھی مشکل ہے،اس لئے وہاں راحت رسانی اور باز آباد کاری ایک بڑا چیلنج ہے،اس لئے مرکز المعارف بیک وقت اپنی چار ٹیم کے ساتھ میدان میں ہے اور حتی المقدور متائثرین کی ضرورتوں کے حساب سے امداد پہونچانے میں مشغول ہے۔چونکہ کام بہت بڑا ہے اس لئے دکھ کی اس گھڑی میں اہل خیر حضرات سے دل کھول کر دستِ تعاون دراز کرنے کی درخواست ہے۔





