نوح میوات : (سفیان سیف؍ ملت ٹائمز )
خط میوات بشمول ہریانہ راجستھان میں سماجی حلقوں میں کام کرنے کی خاطر میوات وکاس مہا سبھا نامی تنظیم کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے عہدہ صدارت کے لئے نظیفہ زاھد کو با اتفاق رائے سے صدر منتخب کر دیا گیا۔ اس موقع پر انہوںنے تنظیم کی کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ تنظیم کے پلیٹ فارم سے زندگی کے کے میدان میں مضبوطی سے آواز اٹھائی جائیگی اور خطے کے جملہ مسائل و مطالبات کو پورا کرانے کے لئے ریاستی حکومتوں کی توجہ اس جانب مبذول کرائی جائے گی جبکہ تنظیم کے بانی الحاج عبدالغفار نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ھوئے بتایا کہ تنظیم خالص سماجی تنظیم ہے جو معاشرے میں بلا تفریق مذہب و ملت کام کرے گی ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کا قیام کسی بھی سیاسی پارٹی کو سیاسی فائدے پہنچا نے کے لئے نہیں کیا گیا ہے۔ تا ہم تنظیم کے اراکین ہر حکمراں پارٹی سے گفت و شنید کر میواتی عوام کے سماجی حقوق حاصل کرنے وسماجی مسائل کو حل کرنے سمیت تعلیم صحت و دیگر شعبوں پر پوری توجہ دی جائیگی ۔ اس کے لئے تنظیم میوات کی 36/برادری کو ساتھ لیکر کام کرے گی تنظیم کے ترجمان محمد صابر قاسمی نے بتایا کہ جلد ہی نظیفہ زاھد کی سربراہی میں راجستھان و ہریانہ میوات کے ہر ضلع اور اسمبلی حلقوں میں تنظیم کے کارکنان کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا جس کے بعد میوات اور میواتیوں کے مدعوں اور مسائل پر فوری طور پر کاموں کا آغاز کردیا جائیگا ایک سوال کے جواب میں نو منتخب صدر نظیفہ زاھد نے کہا کہ ہم دور جدید کے نت نئے مسائل اور مطالبات سے انحراف نہیں کر سکتے اس لیئے اس جانب توجہ کرنے کی ضرورت ہے ۔عمومی طور پر تعلیم کے ماحول کو فروغ دینے کی خاطر ہر میواتی کا تعاون درکار ہے اورانہوںنے کہا کہ میوات میں تعلیم نسواں کی شرح کافی کم ہے جو ایک افسوس ناک پہلو بھی ہے ۔ اسی بنا پر میرے اندر تحریک پیدا ہوئی کہ ہم میواتی سماج میں کام کریں خصوصا تعلیم نسواں پر اس سلسلے میں ہم نے جب تعلیم نسواں کے اسباب انحطاط کو تلاش کیاتو اس کے بنیادی معقول وجوہات بھی سامنے آئی کہ ایک بڑا طبقہ محض عصری تعلیم دلانے کے لئے اس لئے تیار نھیں ھوتا کیوںکہ اپنی بیٹیوں کے لئے گھر سے لیکر اسکول تک محفوظ ماحول فراہم نہیں ہوتا۔ ورنہ جن گاﺅں میں گرلز اسکول اور خاتون ٹیچر ہیں وہاں بڑی تعداد میں لوگ بچیوں کو پڑھا رہے ہیں۔ آپ کونظیفہ زاھد ڈیمروت کا تعلق میوات کے تعلیم یافتہ گاﺅں میں سے ایک بیسرو کی اہم مذہبی شخصیت حافظ سلطان کے گھرانے سے ہے اور انہیں حافظ مرحوم کی حقیقی پوتی ہونے کا فخر حاصل ہے جن کی جملہ دینی و دنیاوی تعلیم جے پور سے تکمیل ہوئے۔
اس موقع پر نظیفہ زاھد کو ملک و علاقے کی مقتدر وسیاسی سماجی وملی شخصیات نے بڑی تعداد میں مبارکبادی پیش کر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔





