مرحوم سلطان احمد سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ملی ہمدردی کے جذبہ سے سرشار لیڈر تھے: ڈاکٹر منظور عالم

نئی دہلی : (ملت ٹائمز؍پریس ریلیز)
مرحوم سلطان احمد سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ دل درمند رکھنے والے قائد تھے ،سیاست کے ساتھ ملی امور اور مسلمانوں کے مسائل میں ان کی گہری دلچسپی تھی ،انہوں نے ہمیشہ سیاست کے ذریعہ ملک اور ملت کی خدمت کی اور ترجیحی طور پر مسلمانوں کے حقوق کی جنگ لڑی ،ان خیالات کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے چیرمین اور معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر منظور عالم نے کیا ،انہوں نے کہاکہ میرے اور مرحوم سلطان احمد کے درمیان30 تیس سالوں سے دوستانہ تعلقات تھے ،مختلف مواقع پر اور مختلف تقریبات میں ہم لوگوں کی ملاقات ہوتی رہی ،ملت کے مختلف مسائل پر ہم لوگوں نے ایک ساتھ بیٹھ کر بات چیت کی اور ہمیشہ انہیں فکرمند پایا ،انہیں مسلمانوں کے مسائل کے تئیں بے چین دیکھا اور ہمیشہ انہوں نے اپنی سطح پر مسلمانوں کے مسائل حل کرنے اور پارلیمنٹ سے لیکر ہر مقام تک ان کی آواز بلند کی، آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے دواجلاس کی انہوں نے کولکاتا میں میزبانی بھی کی۔انہوں نے کہاکہ ایم پی سلطان احمدکے انتقال سے مجھے ذاتی طور پر بہت صدمہ پہونچاہے اور یہ سیاست کے ساتھ ملت اسلامیہ ہند کیلئے بھی ایک بہت بڑا خلا ہے ،بڑی مشکل سے ایسے لوگ پیدا ہوتے ہیں جو سیاست کے میدان میں ہوتے بھی ملی ہمدردی کے جذبہ سے سرشار ہوتے ہیں ، حزن وملال کی اس گھڑی میں ہم مرحوم سلطان احمد کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور دعاءگو ہیں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے ،اہل خانہ کو صبر جمیل عطاءفرمائے ۔
اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ سلطان احمد گذشتہ چالیس سالوں سے سیاست میں متحرک وفعال تھے ،کانگریس سے بھی وابستہ رہ چکے ہیں دو مرتبہ ایم ایل اے کا انتخاب بھی انہوں نے کانگریس کے ٹکٹ پر انٹالی حلقہ سے جیتاتھا،گذشتہ طویل عرصے ممتا بنرجی کی پارٹی ٹرنمول کانگریس میں تھے ،ٹی ایم سی کے ہی ٹکٹ پر الوبیریا لوک سبھا سے ایم پی تھی ،منموہن سنگھ کی حکومت میں مرکزی وزیر مملکت برائے ٹورزم بھی رہ چکے ہیں ۔
واضح رہے کہ سلطان احمد کافی دنوں سے علیل تھے اور کولکاتا کے پرائیوٹ ہسپتال بیلی وو کلینک میں علاج چل رہاتھا، تاہم آج انہیں تقریبا گیارہ بجے دل کا دوڑہ پڑا اور فورا ہسپتال پہونچایاگیا ،ڈاکٹروں نے علاج شروع کیا لیکن اسی دوران ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی اور بارہ بج کر پندرہ منٹ پر ان کی موت کا اعلان کیاگیا ۔