نئی دہلی(ملت ٹائمزمحمد قیصر صدیقی)
کٹیہار میڈیکل کالج کے چیرمین ڈاکٹر احمد اشفاق کریم نے سیمانچل گاندھی اور ارریا لوک سبھاحلقہ سے ممبر پارلیمنٹ الحاج محمد تسلیم الدین کے انتقال پر اپنے گہرے صدمے کا اظہا رکرتے ہوئے کہاہے کہ آج دبے کچلے اور محروم طبقات کے حقوق کی جدوجہد کرنے والے ایک جرات مند ،سیاسی قائد سے ملک وملت محروم ہوگیا۔ سیمانچل کی سیاسی وسماجی ترقی کے خواہاں احمد اشفاق کریم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہاہے کہ ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں،انہوں نے ہمیشہ عوام کیلئے لڑائی لڑی اور سرکاری مراعات سے محروم لوگوں کے حقوق کیلئے ہمیشہ سرکاری انتظامیہ اور حکمرانوں سے ٹکراتے رہے ،ان کی جدوجہد ہمیشہ جاری رہی اور انہوں نے ریاست بہار خاص طور پر سیمانچل کی ترقی کا جو خوا ب دیکھاتھااس کی تکمیل کیلئے ہمیشہ بے چین وبے قرار نظر آئے ، اس راہ میں کہیں کامیابی ملی تو کہیں بیورکریسی او رحکمرانوں کی بدنیتی حائل ہوتی رہی تاہم انہوں نے جدجہد جاری رکھی،اشفاق کریم نے کہاہے کہ تسلیم الدین کے خوابوں کی تکمیل جب تک نہیں ہوتی سمانچل میں ترقی کی روشنی نہیں آئے گی ۔اب ہم لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ ان کے تمام منصوبوںاور مشن کو لیکر آگے بڑھیں ، ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے اپنی حصہ داری دیں۔
ڈاکٹر احمد اشفاق کریم نے ملت ٹائمز سے بات کرتے ہوئے کہاکہ فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد دہلی پہونچے پر الحاج تسلیم الدین کے وصال کی خبر ملی اورفوری طورپر انہوں نے جنازہ میں شرکت کیلئے براہ باگ دوگڑا ارریا کیلئے روانہ ہوگئے ہیں ۔انہوں نے نئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ 60 برسوں سے سرپنچ ،مکھیا ، چار اسمبلی حلقوں جوکی ہارٹ ،ارریا،پیسا اورکشن گنج سے سات بار رکن اسمبلی اور کشن گنج ،پورنیہ اور ارریالوک سبھاحلقوں سے پانچ با ر ممبر پارلیمنٹ ،بہار اسمبلی میں کابینہ وزیر اور دوبار مرکزی وزیررہ چکے محمد تسلیم الدین پوری زندگی حق وانصاف کیلئے احتجاج کی آندھی بن کر پنچایت سے لیکر پارلمینٹ تک سرگرم رہے ۔
اشفاق کریم کہتے ہیں کہ محمد تسلیم الدین باغیانہ تیور کے سیاسی قائد تھے ،چناں چہ انہوں نے کبھی بھی حق بات کہنے کیلئے نہ اپنی پارٹی کے سربراہ کی پرواہ کی اور نہ ہی وزیر اعلی او ر وزیر اعظم کی،حال ہی میں مہاگٹھبندھن کے وزیر اعلی نتیش کمار کے خلاف انہوں نے سخت بیان دیاتھا اور یہ پیشن گوئی کردی تھی کہ نتیش کمار کسی دن بھی بی جے پی کی گود میں بیٹھ جائے گا ۔ان کا بیان اتنا جارحانہ تھا کہ پارٹی سربراہ لالو پرساد یادو کو وجہ بتاﺅ نوٹس بھیجنا پڑا۔
محمد تسلیم الدین ایک ایسے جرات مند لیڈ ر کے طور پر ہمیشہ یاد کئے جاتے رہیں گے کہ جنہوں نے عوامی غم وغصہ کے نتیجے میں کبھی پولس افسر کی پٹائی کردی توکبھی بی ڈیو اور سی او کو پھٹکا ر لگائی ،یہاں تک ایک بار ایک ایس ڈی او کو گلے میں جوتے کا ہار پہناکر پورے شہر میں گھمایاتھا جس کے نتیجے میں ان کے خلاف شوٹ وائرنٹ جاری ہوگیا تھا۔
ڈاکٹر احمد اشفاق کریم نے اپنے گہرے رنج وغم کا اظہا ر کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت ، بلندی درجات اور پسماندگی کے صبرووسکون کیلئے دعا کی ہے۔





