نئی دہلی( ملت ٹائمز؍پریس ریلیز )
ہندوستان کی اقتصادی راجدھانی ممبئی کے الفیسٹن ریلوے اسٹیشن پر پیش آئے بھگڈراور 28 سے زیادہ جانوں کی ہلاکت کیلئے ملک کی نمائندہ تنظیم آل انڈیاملی کونسل نے حکومت ہند اور وزارات ریلوے اور متعلقہ حکام کو ذمہ دار ٹھہرایاہے ۔ آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر منظور عالم نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے گذشتہ کل ممبئی میں ہوئے بھیانک حادثہ پر افسوس کا اظہا رکرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان میں ریلوے کے تعلق سے یہ کوئی پہلا حادثہ نہیں ہے ،گذشتہ چند ماہ کے دوران دسیوں حادثے پیش آچکے ہیں، حال ہی میں مظفر نگر میں بھیانک حادثہ پیش آیاتھاجس میں پچاس سے زائد مسافر مرے تھے ،اس کے علاوہ متعدد جگہوں پر ٹریک سے ریل کے اترنے کے سبب دسیوں لوگ جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ سیکڑوں شدید زخمی ہوئے ہیں۔گذشتہ دنوں حکومت نے مجبور ہوکر وزیر ریل بھی تبدیل کردیاہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ چہرہ بدلنے سے ریلوے کی صورت حال نہیں سدھرسکتی ہے جب تک زمینی سطح پر کام نہیں کیا جائے گا اور عوام کے مفاد کو مقدم نہیں رکھاجائے گا ۔
ڈاکٹر منظور عالم نے کہاکہ ممبئی حادثہ اوربے گناہوں کی موت کیلئے حکومت کی لاپرواہی اور متعلقہ حکام ذمہ دار ہیں جنہیں پل کی کمزوری کا پہلے سے علم تھا،ڈویزنل ریلوے انتظامیہ نے گزشتہ سال اس بارے میں رپوٹ بھی پیش کر دی تھی کہ یہ پل کسی بھی وقت حادثہ کا شکار ہوسکتاہے،میڈیا میں بھی یہ خبر آئی تھی لیکن حکام اور انتظامیہ نے جاننے کے باوجود اس پل کے معاملہ کو درست کرنے کی کوشش نہیں کی اور نہ اس پر کوئی توجہ دی۔ شیوسینا کے بھی دو ایم پی نے دوسال قبل خط لکھ کر سابق وزیر ریل سریش پربھو کو خط لکھ کر یہ اطلاع دی تھی کہ یہ پل کبھی بھی خطرہ بن سکتاہے لیکن سریش پربھو نے فنڈ کی کمی بہانہ بناکر اس کی مرمت نہیں کی اور نہ ہی اس کی اصلاح کا کام کیا۔ انہوں نے کہاکہ انڈین ریلوے کا بنیادی ڈھانچہ بہت بگڑ چکاہے ،مسلسل حادثے پیش آرہے ہیں ،سیکوریٹی اور تحفظ کا ریلوے میں بالکل فقدان ہوچکاہے ،لوگوں کو ٹرین سے سفر کرنے میں اب خوف محسوس ہورہاہے او ریہ سب اس لئے ہورہاہے حکومت کی بنیادی کاموں پر توجہ نہیں ہے ۔
ڈاکٹرمنظور عالم نے کہاکہ مودی حکومت بلٹ ٹرین لانے کی بات کررہی ہے ،جبکہ پہلے سے موجود ٹرین کے نظام کو سنبھالنے میں ناکام ہے ،دوسرے محکمہ کی بھی حالت انتہائی خستہ او رتشویشناک ہے لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ مودی حکومت روزنہ نئی اسکیموں کا اعلان کرکے یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ عوام کیلئے بہت کام کیا جارہاہے ،ہندوستان کو امریکہ اور جاپان بنانی کی جدوجہد جاری ہے جبکہ سچائی یہ ہے کہ یہ سب عوام کو بے وقوف بنانے کا طریقہ ہے ،ملک کے انتظام کو سنبھالنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ا سلئے عوام کو لبھانے اوراصل حقائق سے ان کی توجہ ہٹانے کیلئے نت نئے اعلان کئے جاتے ہیں جس کی تکمیل کبھی نہیں ہوگی اور بی جے پی صدر امت شاہ کی زبان میں ان تمام اعلانات کی حقیقت محض جملہ بازی اورخوش کرکے ووٹ حاصل کرنے کی تیکنک ہے ۔
ڈاکٹر منظور عالم اپنے بیان میں زور دیتے ہوئے کہاکہ آل انڈیا ملی کونسل ایک نمائندہ تنظیم ہونے کی حیثت سے اس حادثہ کیلئے حکومت کو ذمہ دار مانتی ہے اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ریلوے کے بنیادی ڈھانچہ کی اصلاحات کرے ،عام مسافروں کو سیکوریٹی اور تحفظ فراہم کرے۔





