مفتی احمد نادر القاسمی کے سفرنامہ” ہانگ کانگ میں مسلمانوں کی آمد اور دینی جدوجہد کا اجراء متعدد اہم شخصیات کی شرکت

رسم اجراءکرتے ہوئے دائیں سے مفتی نادر القاسمی ،مفتی محفوظ الرحمن عثمانی ،ڈاکٹر یامین انصاری ،ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی ،شمس تبریز قاسمی ،عبد الرحمن عابد او رعارف اقبال ۔

نئی دہلی(ملت ٹائمزمحمد قیصر صدیقی)
خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کے زیر اہتمام جامعة القاسم دارالعلوم الاسلامیہ سپول بہار کے اشتراک سے مفتی احمد نادر القاسمی کے سفرنامہ ”ہانگ کانگ میں مسلمانوں کی آمد اور دینی جدوجہد“کااجرا آج جامعہ نگر میں معرو ف عالم دین مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانی کے ہاتھوں عمل میں آیا ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفتی محفوظ الرحمن عثمانی نے کہاکہ سفرنامہ ایک اہم صنف ہے ،اس کے ذریعہ سے کسی بھی ملک کی حقیقت ،سچائی اور معاشرہ کے حالات کے بارے میں علم ہوتاہے ،انہوں نے مفتی احمد نادر القاسمی کو اس تصنیف کیلئے مبارکباد پیش کی اورکہاکہ اس طرح کی کوششیں جاری رہنی چاہیئے ،ملکوں کی تاریخ اور معاشرہ کی صورت حال جاننے میں یہ سفرنامے بہت اہم رول اداکرتے ہیں۔ روزنامہ انقلاب کے ریزیڈینٹ ایڈیٹر ڈاکٹر یامین انصاری نے مصنف کتاب کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ ہانگ کانگ کا نام سن کر ذہن میں آتاہے کہ شایداسلام کا وہاں نام ونشان نہیں ہے لیکن مفتی نادر صاحب نے وہاں کے اسلام کی تاریخ لکھ کر علمی دنیا میں ایک گراں قدر اضافہ کیاہے ،اس سے یہ جاننے کا موقع ملے گا اسلام ہانگ کانگ میں بھی شاندار تاریخ کے ساتھ موجود ہے ۔ صحافی شاہ عالم اصلاحی (نیوز ایڈیٹر انقلاب )نے کہاکہ سفرنامہ سے کسی بھی معاشرہ اور سوسائٹی کی صحیح جانکاری ملتی ہے ،تاریخ کی تدوین میں ان سفرناموں کا رول بہت اہم ہوتاہے۔ ملی اتحاد کے معاون ایڈیٹر صفی اختر نے مصنف کتاب کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ شگفتہ قلم کے مالک ہیں جس موضوع پر قلم اٹھاتے ہیں اس کا حق اداکردیتے ہیں ۔مولانا فیروزاختر قاسمی جنرل سکریٹر ی مرکزی جمعیة علماءنے کہاکہ یہ کتاب ہانگ کانگ میں اسلام کی تاریخ جاننے کے سلسلے میں سنگ میل ثابت ہوگی ۔ جناب عبد الرحمن عابد نے اپنے خطا ب میں کہاکہ مصنف کتاب کی شخصیت معتبر اور نرالی ہے وہ ہمیشہ ایسے موضوعات پر قلم اٹھاتے ہیں۔

ملت ٹائمز کے ایڈیٹر شمس تبریزقاسمی خطاب کرتے ہوئے

اس تقریب میں سینئر صحافی ڈاکٹر عبد القادر شمس کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا ،اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ مفتی احمدنادر نے ہانگ کانگ کی مختصر تاریخ لکھ کر دریا کو کوزے میں سمونے کا کام انجادیاہے ،اس موضوع پر کام کرنے والوں کیلئے یہ کتاب سنگ میل ثابت ہوگی ۔ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی نے اپنے افتتاحی خطاب میں مصنف کو مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ خدمت خلق ٹرسٹ انڈیا کہ شروع سے یہ کوشش رہی ہے کہ اہل علم کی حوصلہ افزائی کی جائے ،ان کی خدمات کو سراہاجائے ،اس بینرتلے ہونے والی آج کی یہ تقریب بھی اس کوشش کا حصہ ہے ۔قبل ازیں پروگرام کا آغاز محمد اشتیاق کی تلاوت سے ہوا،شمس تبریز قاسمی نے نظامت کا فریضہ انجام دیا اور کتاب کا تعارف بھی انہوںنے ہی پیش کیا ۔اس موقع پر مصنف کتاب مفتی احمد نادر قاسمی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ،اخیر میں تقریب کے کنوینر محمد عارف اقبال نے تمام مہمانان کران اور شرکاءکا شکریہ ادا کیا ۔ا س موقع پر نوائے حق کے صدر جناب اسدغازی ،بدرانسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر بد الزماں ،فیضی گرافکس چیرمین فیض الاسلام فیضی ،مفتی سلمان دانش قاسمی ،سفیان سیف ،مفتی شاہ نجم ،مولانا محبوب سمیت متعدد لوگ موجودتھے۔