روہنگیا مسلمان بے گھر اور مظالم کے شکار ہیں، میانمار حکومت انہیں واپس لے : امریکہ

ڈھاکا، نیویارک: (ملت ٹائمز /ایجنسیاں )
امریکا نے کہا ہے کہ میانمار کو بے گھر کئے جانیوالے لاکھوں روہنگیا باشندوں کو واپس لینا ہو گا او ر انہیں ان کے اپنے گاؤں میں بسانا ہو گا۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق دفتر خارجہ کی ایک سینئر رہنما اور اسسٹنٹ وزیر خارجہ سیمون ہین شا نے بنگلہ دیش میں پناہ گزینوں کے کیمپوں کے دورے کے بعد کہا کہ میانمار کو ان لوگوں کو سزا دینی ہو گی جنہوں نے راکھائن میں ان روہنگیا پر ظلم کئے ۔ اس سال اگست سے 6لاکھ سے زیادہ روہنگیا مسلمان بھاگ کر بنگلہ دیش میں پناہ لے چکے ہیں۔ اقوام متحدہ پہلے ہی میانمار کی فوج پر نسل کشی کا الزام لگا چکا ہے ۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کے بچوں سے متعلق ذیلی ادارے ‘‘ یونیسف ’’ نے خبردار کیا ہے کہ عالمی برادری نے اگر روہنگیا پناہ گزینوں کے بچوں کی غذائی قلت کے مسئلے کو حل نہ کیا تو ان کی بڑے پیمانے پر اموات کا خدشہ ہے ۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق یونیسف کے ترجمان کرسٹوف بولیارک نے میانمار کے روہنگیا پناہ گزینوں کی صورت حال کے بارے میں کہا کہ بنگلہ دیش کے کاکس بازار میں پناہ گزین کیمپوں کی صورت حال رہائش کے لئے بالکل مناسب نہیں اور وہاں ناقص انتظامات ہیں۔