نئی دہلی: (ملت ٹائمز )
دارالحکومت میں آلودگی کے زہریلی سطح سے اوپر پہنچنے پرنیشنل گرین ٹربیونل ( این جی ٹی ) کی شرزنش کے بعد دہلی حکومت نے ایک بار پھر گاڑیوں کےلئے طاق -جفت نمبروں کا فارمولہ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ اس بار طاق – جفت منصوبہ صرف پانچ دن ہی رہے گا۔ذرائع کے مطابق 13سے 17نومبر تک اسے نافذ کیا جائےگا۔ اس کا باضابطہ اعلان شام تک ہونے کا امکان ہے۔
اس سے پہلے گزشتہ سال یکم جنوری سے 15جنوری اور پھر 15اپریل سے 30 اپریل تک اسے نافذ کیا گیا تھا۔دارالحکومت میں گزشتہ دو روز سےلوگ آلودگی کی وجہ سے بری طرح پریشان ہیں۔ اسکولوں کی چھٹیاں کردی گئی ہیں۔
ٹربیونل نے آج سماعت کے دوران دہلی حکومت، کارپوریشنوں اور قومی دارالحکومت خطے سے متعلق ریاستی حکومتوں کی جم کر سرزنش کی ہے۔ ٹربیونل نے دہلی حکومت سے پوچھا کہ سماعت سے ایک دن پہلے ہی آلودگی کی روک تھام کے اقدامات کیوں شروع کئے گئے اور ہیلی کاپٹر سے مصنوعی بارش نہ شروع کئے جانے پر بھی حکومت کی سرزنش کی۔ طاق اور جفت منصوبہ کے تحت گزشتہ دو مرتبہ چار پہیے والی گاڑیوں کے آخری نمبر کے مطابق ایک دن چھوڑ کر اگلے دن سڑک پر اتارنے کی اجازت تھی۔





