نئی دہلی: (ملت ٹائمز )
’’طلبہ کو چاہیے کہ وہ اپنی شخصیت کی نشّو و نما اور حصول علوم و فنون کے لئے حد درجہ انہماک اور سنجیدگی اختیار کرے۔ جامعہ علم و دانش کے ساتھ فکری و عملی تربیت پر اپنی ابتدا سے ہی خصوصی توجہ دیتی آئی ہے ‘‘۔ ان خیالات کا اظہار بزم جامعہ کی جانب سے منعقدہ شعبۂ اردو کے نو وارد طلبہ کی استقبالیہ تقریب میں ڈین فیکلٹی برائے انسانی علوم و السنہ پروفیسر وہاج الدین علوی نے کیا۔
اس موقع پر صدر شعبہ پروفیسر شہپر رسول نے طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے انہیں نظم وضبط اور انکسار و شائستگی کو اپنا شعار بنانے کی نصیحت کی۔ شعبۂ اردو کے طلبہ کی ادبی و ثقافتی تنظیم بزم جامعہ کے ایڈوائزر پروفیسر کوثر مظہری نے اپنی استقبالیہ تقریر میں کہا کہ علمی و تخلیقی آبیاری کے لئے مطالعہ، علما و اساتذہ اور اچھے دوستوں کی صحبت کے ساتھ علمی و دابی مجلسوں کی اہمیت مسلم ہے۔ ڈاکٹر خالد مبشر نے اظہار تشکر میں طلبہ و طالبات کو جامعہ ملیہ اسلامیہ کی تاریخ و تہذیب اور اس کی علمی و دابی روایت کو سمجھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس عظیم ورثے کے امین و محافظ بنیں۔
نووارد طلبہ کی یہ استقبالیہ تقریب رنگا رنگ پروگراموں سے بے حد دلکش ودلچسپ ہو گئی۔ بزم کا آغاز عبد الواجد کی تلاوت اور محمد مہتاب عالم کی نعت سے ہوا۔ پروگرام میں ایم اے، بی اے اور پی جی ڈپلومہ اردو ماس میڈیا میں داخلہ لینے والے نئے طلبہ و طالبات نے اپنا تعارف پیش کیا اوران کے استقبال میں انہیں شعبہ کی جانب سے فریم شدہ خوبصورت مومینٹو سے نوازا گیا جس میں اردو کے مشہور اور چنندہ اقتباسات و اشعار کندہ تھے۔ نظامت کے فرائض بزم جامعہ کے نائب صدر عمران احمد، جنرل سکریٹری محمد کامل حسین اور میڈیا کو آرڈی نیٹر وسیم احمد علیمی نے انجام دئے۔ رضاء الحق نے بی اے، ایم اے اور پی جی ڈپلومہ اردو ماس میڈیا کی نمائندگی کرتے ہوئے شعبے میں داخلہ لینے والے تمام نو وارد طلبا کا استقبال کیا۔ پروگرام کے دوران سامعین کے ذوق کا خیال کرتے ہوئے فیض الرحمن، شبنم، سیف الرحمن نے غزل اور محمد عتیق الرحمن نے انشائیہ پیش کیا۔ جدید طلبا کی جانب سے محمد کاشف بی اے آنرز اردو سمسٹر اول نے اظہار تشکر کا فریضہ انجام دیا۔
اس پروگرام میں شعبۂ اردو کے اساتذہ میں پروفیسر شہزاد انجم، پروفیسر عبد الرشید، ڈاکٹر خالد جا وید، ڈکٹر ندیم احمد، ڈاکٹر عمران احمد عندلیب، ڈاکٹر سرور الہدیٰ، ڈاکٹر مشیر احمد، ڈاکٹر تنویر حسین، ڈاکٹر عادل حیات، ڈاکٹر ابوالکلام عارف، ڈاکٹر سمیع احمد، ڈاکٹر سلطانہ واحدی اور ڈاکٹر محمد آدم وغیرہ موجود تھے۔
استقبالیہ تقریب کے مختلف پروگراموں میں محمد عثمان، رضاء الدین، محمد ذکر اللہ، عافیہ خان، ندا کوثر، محمدافضال ساحل، عبد الواحد رحمانی، شگفتہ، ارسلان صفدر، فلک اقبال، محمد اظہر رضا، یاسمین صدیقی، نکہت اور عاصم بدر شریک ہوئے۔





