دیوبند، نئی دہلی : (ملت ٹائمز ؍ عامر ظفر قاسمی)
خانوادہ قاسمی کے اہم چشم وچراغ ،معروف عالم دین مولانا محمد اسلم قاسمی کا ابھی کچھ دیر قبل دیوبند میں انتقال ہوگیا ہے ۔مولانا کے خادم خاص مولانا اسماعیل قاسمی نے ملت ٹائمز کو بتایاکہ مولانا کافی دنوں سے بیمار چل رہے تھے ،علاج ومعالجہ جاری تھااسی دوران آشیانہ قاسمی قاسمی میں آج سوا بارہ بجے وہ اس دنیا سے 87 سال کی عمر میں رخصت ہوگئے ۔
مولانا محمد اسلم قاسمی کا علمی دنیا میں ایک بڑا اور تاریخی نام تھا،آپ دارالعلوم دیوبند کے بانی مولانا محمد قاسم ناناتوی کے پرپوتے اور دارالعلوم دیوبند کو عالمگیر شہرت دلانے والے سابق مہتمم حکیم الاسلام قاری محمد طیب صاحب کے دوسرے صاحبزادے تھے ،آپ دارالعلوم وقف دیوبند کے صدر مدرس ہونے کے ساتھ وہاں کے مقبول استاذ اور بخاری شریف کی تدریس کابھی فریضہ انجام دے رہے تھے ۔ علمی دنیا میں آپ کی شخصیت بیحد مقبول رہی ہے اور آپ کے ہزاروں شاگرد دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں،آپ کے بڑے بھائی مولانا محمد سالم قاسمی ابھی الحمد اللہ بقیدحیات ہیں اور ان کی عمر تقریبا 95 سے تجاوز کرچکی ہے ۔نمازہ جنازہ اور دیگر تفصیلات بہت جلد ملت ٹائمز کی دوسری رپوٹ میں پیش کی جائے گی ۔