انجمن خیرالاسلام اردو پرائمری اسکول تھانہ میں سالانہ اسپورٹس مقابلے کا انعقاد

ممبئی: (ملت ٹائمز )
انجمن خیرالاسلام اردو پرائمری اسکول تھانہ میں تین روزہ سالانہ کھیلوں کا مقابلہ منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز اسکول کمیٹی کے ممبر جناب انور میمن صاحب نے ہوا میں گیند اچھال کر کیا۔ مقابلوں میں اول تا چہارم جماعت کے طلبا و طالبات نے مختلف کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ کھیلوں کا یہ مقابلہ مسلسل تین دن بڑے جوش و خروش کے ساتھ جاری رہا۔ مقابلے کے آخری دن مختلف کھیلوں میں جیت حاصل کرنے والے 72 طلبا و طالبات کو اول اور دوم انعامات سے نوازا گیا۔ ان کی بہترین کارکردگی کے مظاہرے پر شیلڈ دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
پروگرام کے آخری روز رابوڑی تھانہ کی فعال و متحرک کارپوریٹر اور معروف سماجی خدمت گار محترمہ وحیدہ خان صاحبہ ،اسکول کمیٹی ممبر جناب انور میمن صاحب اور دیگر مقامی سماجی شخصیات نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کھیلوں کے مقابلے کو خوب سراہا اور اسکولوں میں کھیلوں کی اہمیت و ضرورت پر روشنی ڈالی نیز اسکول کی صدر مدرسہ محترمہ سمیرہ شیخ صاحبہ و جملہ معلمات اور انعام یافتگان طلبا و طالبات کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔